سابق قومی ہیرو منصور احمد دل کی تکلیف کے باعث سرکاری ہسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا

سابق قومی ہیرو منصور احمد دل کی تکلیف کے باعث سرکاری ہسپتال میں زندگی و موت ...
سابق قومی ہیرو منصور احمد دل کی تکلیف کے باعث سرکاری ہسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے سپرسٹار اولمپیئن اور سابق گول کیپر منصور احمد امراضِ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث جناح ہسپتال کراچی میں زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 1994 کے ہاکی ورلڈ کپ فائنل میں پینلٹی اسٹروک پر گول روک کر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانے والے قومی ہیرو منصور احمد کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد وہ جناح ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
منصور احمد کو کچھ عرصے سے دل کا عارضہ لاحق ہے لیکن گزشتہ روز انہیں دل میں شدید درد اٹھا جس کے باعث انہیں فوری طور پر جناح ہسپتال کے ادارہ امراض قلب میں داخل کرایا گیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل منصور احمد کا سال 2016 جون میں امراضِ قلب کا آپریشن ہوا تھا جس دوران انہیں مالی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑے تھا تاہم وہ عارضی طور پر صحت یاب ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ انہوں نے 1986 سے 2000 تک قومی ہاکی ٹیم میں بحیثیت گول کیپر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس دوران منصوراحمد نے 338 عالمی میچز کھیلے۔
علاوہ ازیں وہ ماضی میں ایشیاءکے نمبر ون گول کیپر بھی رہے ہیں، اولمپکس کھیلتے ہوئے انہوں نے متعدد سلور اور گولڈ میڈل بھی اپنے نام کئے۔
واضح رہے کہ گول کیپر منصور احمد نے آسٹریلیا میں 1994 کے ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میں ہالینڈ کےخلاف پینلٹی اسٹروک پر گول روک کر قومی ٹیم کو چوتھی بار عالمی چمپیئن بنایا تھا۔