کراچی :شارع فیصل پر ہوائی فائرنگ اور گرفتاری کا چیلنج کرنے والا ملزم تاحال مفرور
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی میں شارع فیصل پر ہوائی فائرنگ اور گرفتاری کا چیلنج کرنے والا ملزم تاحال مفرور ہے ، سکیورٹی ادارے ابھی تک ملزم کو گرفتار نہ کر سکے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے ملزم عدنان پاشا کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی، پولیس کا کہناہے کہ ملزم کراچی میں بھی روپوش ہے جلد ڈھونڈ نکالیں گے۔
واضح رہے کہ نوجوان نے کراچی کی اہم ترین سڑک شارع فیصل پر رات کے اوقات میں سرعام فائرنگ کی جس کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی تھی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کوگرفتاری کا چیلنج دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عدنان پاشا کے گھر تالا ہے ،وہ اہلیہ اور بہن کو لے کر فرار ہوگیا ہے،پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کےلئے گلستان جوہر بلاک 11 میں اس کے سسرال کے گھر چھاپا مارا تاہم وہاں موجود نہیں تھا جبکہ کارروائی کے دوران ملزم کے دو برادر نسبتی اور 5 افراد کو پوچھ گچھ کےلئے حراست میں لے لیاہے۔