عوام طاقت کا اصل سرچشمہ،سندھ حکومت ہر قسم کا حساب دینے کیلئے تیارہے :مرتضیٰ وہاب
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مشیراطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہاہے کہ سندھ حکومت ہر قسم کا حساب دینے کے لئے تیار ہے،میڈیا میں جو پیپلز پارٹی کا چہرہ پیش کیا جاتا ہے سندھ کی عوام اسے مسترد کرچکی ہے،این ایف سی کی مد میں جو 106 ارب روپے ملنے تھے وہ وفاقی حکومت نے نہیں دیے اس کے باوجود سندھ حکومت عوام کی بہترخدمت کررہی ہے،سندھ لٹریچرفیسٹیول جیسے ایونٹ سال میں دو مرتبہ ہونے چاہئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ ادبی لٹریچرفیسٹیول کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ اس قسم کے ادبی ایونٹ سے سندھ کا مثبت کردار اجاگر ہوگا،سندھ کی عوام کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے سندھ حکومت کوشش کرہی ہے،سندھ کی عوام نے بھرپور انداز میں پیپیلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ این ایف سی کی مد میں جو 106 ارب روپے ملنے تھے وہ وفاق نے سندھ حکومت کو نہیں دیے،ماضی کی حکومتوں نے بھی ہمارا ساتھ نہیں دیا،عوام طاقت کا اصل سرچشمہ ہے،پیپلز پارٹی سمجھتی ہے اس ملک میں آئین و قانون کی پاسداری ہونی چاہیئے،این ایف سی کی مد میں جو پیسے ملے اس سے ہم نے عوام کی خدمت کی۔ مرتضی وہاب نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں منفی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے،سندھ کے عوام کے لئے چیلنجز نئی بات نہیں ہے ،سندھ نے ماضی میں چیلنجز کا سامنا کیا ہے ، سندھ حکومت اپنے جائز آئینی حقوق سے باخبر ہے،سندھ کو اس کے حقوق دلوائے جائیں گے ، سندھ میں پیپلز پارٹی کو عوام ووٹ دے کر منتخب کرتی ہے، سندھ اسمبلی وہ اسمبلی ہے جس نے قرارداد پاکستان کو پاس کیا۔
انہوں نے کہاکہ اٹھارویں ترمیم کا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ عوام حکومت سے سوال پوچھ سکتی ہے تاہم تنقید برائے تنقید کے سوالات معاشرے کو ترقی سے روکتے ہیں،سندھ حکومت ہر قسم کا حساب دینے کے لئے تیار ہے،سندھ فوڈ اتھارٹی کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے، حکومت سندھ کی طرف سے جہاں مثبت کام کئے گئے انکوں سراہنا چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ پچھلے سال پی آئی اے کا ایک طیارہ چوری ہوا تھا،پہلے لوگ غائب ہوتے تھے اب طیارے بھی غائب ہوتے ہیں، پبلک پرائیوٹ اشتراک میں سندھ حکومت سب سے بہترین کام کرہی ہے ۔