صوابی‘ چوری کی وارداتیں کرنیوالے گروہ کے 2 ارکان گرفتار
صوابی (بیورورپورٹ) ڈی پی او صوابی سید خالد ہمدانی کی خصوصی ہدایت پر تھانہ یارحسین پولیس نے عوامی شکایات پر چوری چکاری کی آئے روز بڑھتی ہوئی وارداتوں پر ایک جامع حکمت عملی تشکیل دیتے ہوئے گزشتہ رات چور ی کرنے والے دو ارکان کو گرفتار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق زیر قیادت ڈی ایس پی لاہور محمد اقبال خان،ایس ایچ او یارحسین نیاز علی خان بمع پولیس ٹیم نے جرائم پیشہ اور دیگر معاشرتی جرائم و چور چکاری میں مطلوب عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے جدید خطوط کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان سید اور ماجد کو گرفتار کرکے دوران تفتیش ملزمان سے سرقہ شدہ سامان برآمد کیا گیا،تفتیشی آفیسر پرویز خان کے مطابق ملزمان سے مزید سنسنی خیز انکشاف کی توقع کی جا رہی ہے اورچور چکاری میں مطلوب دیگر اراکین کی گرفتاریوں کیلئے چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ادھر عوامی حلقوں نے سکھ کا سانس لیکر ایس ایچ او تھانہ یارحسین نیاز علی خان اور ان کی چھاپہ مار ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔