آئندہ ہفتے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، سیلاب کا خدشہ

آئندہ ہفتے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، سیلاب کا خدشہ

اسلام آباد (این این آئی)آئندہ ہفتے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے باعث بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ایک مرتبہ پھر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا بارش برسانے والا کمزور سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں بلوچستان، وسطی و بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ سندھ کے بعض مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 فروری کو بارشوں کا باعث بننے والا ایک طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں مارچ کے پہلے ہفتے کے دوران سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں اور ژالہ باری جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری کا بھی قوی امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور برفباری کے باعث گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں مٹی اور برف کے تودے گرنے کے خدشات ہیں جبکہ بلوچستان اورخیبر پختونخوا میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی بارش اور برفباری کی وجہ سے بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں کئی سال سے جاری خشک سالی کا خاتمہ ہوا ہے ،آبی ذخائر میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...