مشکل حالات میں حکومت بیرونی سرمایہ کاری لانے کیلئے سنجیدہ ہے ،فیصل
فیصل آباد(آن لائن) برطانوی پارلیمنٹ کی بین الاقوامی تجارتی کمیٹی کے رکن فیصل رشید نے کہا ہے کہ امن و امان کی بحالی کے بعد مشکل سیاسی صورتحال کے باوجود موجودہ حکومت زیادہ سے زیادہ بیرونی سرمایہ کاری لانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ پاکستان میں صحت اور تعلیم پر کام کرنے کی کافی گنجائش ہے۔ جبکہ پاکستان کو دوسرے ملکوں سے امداد کی بجائے تجارت بڑھانے پر توجہ دینا ہو گی۔یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے برطانوی پارلیمنٹ کے اندر ایک سی پیک گروپ بنایا ہے تاکہ اس حوالے سے پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری لائی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی سفیر سے بھی ملاقات کی ہے جبکہ وہ اس سال ستمبر میں باقاعدہ اس گروپ کو لانچ کریں گے تاکہ سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں پیدا ہونے والے نئے مواقعوں کی تشہیر کی جا سکے۔ ویزوں کے سلسلہ میں پاکستانیوں کی درخواستوں کے مسترد ہونے کی بھاری شرح پر تشویش کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے۔ اس سال کے آخر میں پاکستان یو۔کے تجارتی تعلقات بارے ایک کانفرنس ہو گی جس میں خاص طور پر فیصل آباد کو بھی فوکس کیا جائے گا۔