بھارت نے جنگ مسلط کی تو انجام عبرتناک ہوگا، ایم کیو ایم پاکستان

بھارت نے جنگ مسلط کی تو انجام عبرتناک ہوگا، ایم کیو ایم پاکستان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(آئی این پی) ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ مسلط کی تو اسے عبرتناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا۔اتوار کوکنور نوید جمیل نے کراچی پریس کلب کے باہر بھارتی جارحیت اور جنگی جنون کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اندرونی مسائل کا الزام پاکستان پر نہ تھوپے، سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کرنے والا متعصب بھارت مذہبی بنیاد پر مسلمانوں کو شہید کر رہا ہے، منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین اور مرد کارکنان نے شرکت کی، کنور نوید جمیل نے کہا کہ پاکستان کی اولادوں نے یہاں جمع ہو کر بھارت کو پیغام دے دیا ہے کہ پاکستانی قوم متحد اور بھارت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، پاکستان پرامن ملک ہے،مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ ہم نے ملک بنایا تھا، بچانا بھی جانتے ہیں، انھوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔رؤف صدیقی نے کہا کہ جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار یہ سمجھ لے کہ اس خطے پر مسلمانوں نے ایک ہزار سال تک حکمرانی کی ہے، جنگیں اسلحے سے نہیں جذبوں سے جیتی جاتی ہیں اور بھارت کو پاکستانی فوج سے نہیں 22 کروڑ عوام سے لڑنا ہوگا۔قومی اسمبلی اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی رکن کشور زہرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم وہ قوم ہیں جس نے انگریزوں سے پاکستان حاصل کیا تھا۔قبل ازیں مظاہر ے کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، لہو گرماتے ملی نغموں میں بھارت کے خلاف شرکا کے نعرے گونجتے رہے، کارکنان نے بھارت کے خلاف پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جبکہ اطراف میں بھارتی جنگی جنون کے خلاف بینر بھی آویزاں کیے گئے تھے۔
یم کیو ایم پاکستان