وزیر خارجہ کا جرمن ہم منصب نمائندہ یورپی یونین کو ٹیلیفون ، بھارت ہمیں مرعوب کرنے کا خیال ذہن سے نکال دے: شاہ محمود

وزیر خارجہ کا جرمن ہم منصب نمائندہ یورپی یونین کو ٹیلیفون ، بھارت ہمیں مرعوب ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سفارتی رابطے جاری،یورپی یونین کے خارجہ تعلقات اور سیکورٹی پالیسی کی نمائندہ فیڈریکا موگیرینی سے ٹیلیفونک رابطہ میں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا جرمنی کے وزیر خارجہ ہیکوماس سے بھی ٹیلیفونک رابطہ، پلوامہ واقعہ اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔فریقین نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔دوسری طرف وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارتِ خارجہ میں قائم کرائسز مینجمنٹ سیل کا دورہ کیا ،تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اتوار کو سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سابق خارجہ سیکریٹریز سے بھی ملاقات کی جس میں انکے ساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت متعدد اہم خارجہ پالیسی امور پر مشاورت کی گئی ۔وزیرخارجہ نے اس موقع پر کہاکہ یہ مشاورتی اجلاس مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اوربھارتی جارحانہ عزائم کو پیش نظر رکھتے ہوئے طلب کیا گیا تھا،سابقہ سیکرٹریز خارجہ اور سفارتکاروں سے مشاورت کا مقصد ان کے وسیع تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، موجودہ صورتحال میں ایک جامع اور مربوط لائحہ عمل مرتب کرنا تھا،وزیر خارجہ نے کہا کہ سابق خارجہ سیکریٹریز کے ساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت متعدد اہم خارجہ پالیسی امور پر مشاورت خاصی سود مند رہی ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ مشاورت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی تواتر کے ساتھ جاری رہے۔ادھر وزیر خارجہ نے میڈیا بریفنگ میں بھارت کوخبردار کیا ہے کہ بی جے پی سیاسی مقاصد کیلئے جنگی جنونیت پھیلانا بندکرے،ہندوستان ہمیں مرعوب کرنے یا دباؤ میں لانے کا خیال ذہن سے نکال دے، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ بند مٹھی کی طرح متحد ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں مزید دس ہزاز فوج بھیج رہا ہے ،سرینگر میں نوجوانوں کو سرعام پیٹا و گرفتار کیا جارہا ہے ، ان کی املاک کو جلایا جارہا ہے،پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے متحد ہو کر کھڑاہے۔ساری صورتحال کے مدنظر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 24 سے 27 فروری تک شیڈول شدہ جاپان کا اہم دورہ منسوخ کردیا۔ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورے سے متعلق نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -