پیمرا کارکردگی رپورٹ برائے مالی سال 2015-18صدر مملکت کو پیش

پیمرا کارکردگی رپورٹ برائے مالی سال 2015-18صدر مملکت کو پیش

اسلام آباد(این این آئی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی( پیمرا )نے سالانہ کارکردگی رپورٹ برائے مالی سال 2015-2018 جاری کر دی۔چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو رپورٹ پیش کی ۔ پیمرا (ترمیمی) ایکٹ 2007ء کے سیکشن 17کے تحت اتھارٹی ہر مالی سال کیلئے سالانہ مالیاتی رپورٹ شائع کرنے اور صدرِمملکت کو پیش کرنے کا پابند ہے۔ یہ رپورٹ جامع طور پر مالی سال 2015-2018کے دوران اتھارٹی کی کارکردگی کا ایک مکمل جائزہ ہے۔ رپورٹ میں دیئے گئے سروے کے مطابق پاکستان میں 65فیصد ناظرین کیبل ٹی وی، 25فیصدٹیرسٹریل اور 9فیصد سیٹلائٹ ڈش کے ذریعے ٹی وی ٹرانسمشن تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ پیمرا نے ابھی تک مقامی سیٹلائٹ ٹی وی کیلئے 88لائسنس جاری کئے ہیں جن میں سے 37تفریحی، 26نیوزوکرنٹ افیئرز، 18علاقائی،4تعلیمی، 1صحت، 1کھیل اور ایک زرعی ٹی وی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 35غیرملکی چینلز کو لینڈنگ رائٹ پرمیشن بھی دی گئی ہے۔ اسی طرح 4,060کیبل ٹی وی، 6ایم ایم ڈی ایس ، 4آئی پی ٹی وی، 5موبائل ٹی وی اور ایک موبائل آڈیولائسنس جاری کئے گئے ہیں جو کہ تعلیم، تفریح اور معلومات کے فروغ کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق الیکٹرانک میڈیامیں سرمایہ کاری کیلئے نئے راستے کھلے ہیں ۔ ایک محتاط تخمینہ کے مطابق 2002ء سے اب تک الیکٹرانک میڈیاسیکٹر کے مختلف شعبوں میں 7ارب امریکی ڈالرکی مجموعی سرمایہ کاری دیکھی گئی ہے اور پانچ لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار بھی ملاہے۔ پیمرا رپورٹ کے مطابق عملی سرگرمیوں میں الیکٹرانک میڈیا ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پرمختلف ٹی وی چینلز کو618 اظہارِ وجوہ کے نوٹسزاور انتباہ جاری کی گئی ہیں اور سز ا کے طور پر 25پروگراموں/اشتہارات پر پابندی عائد کی گئی ہے،13ٹی وی چینلزکے لائسنس معطل اور 106.53ملین روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ پیمرا نے اس عرصہ کے دوران 18,494کیبل ٹی وی نیٹ ورکس کا معائنہ کیا اور1,967سسٹم ضبط کئے گئے اور 13.656ملین روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ کیبل نیٹ ورک پر 80کے قریب مختلف غیر ملکی چینلز بند کر دیئے گئے جو کہ غیر قانونی طور پر نشر کیے جا رہے تھے۔ پیمرا انفورسمنٹ ٹیموں نے ایف آئی اے اور کسٹم انٹیلی جنس کے تعاون سے 11,651غیرقانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور سی لائن (C-Line) کے آلات ضبط کئے ،اس غیر قانونی سامان کو ذخیرہ کرنے والے 386گودام بند کئے گئے اور اس غیر قانونی سامان کے 13سمگلروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔

مزید : صفحہ اول


loading...