مشیر وزیر اعلیٰ کے سپرسٹورز اور اتوار بازاروں کے دورے ،گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
لاہور(جنرل رپورٹر)مشیر وزیراعلی پنجاب برائے سیاسی اموروکنوینر ٹاسک فورس آن پرائس کنٹرول محمد اکرم چوہدری نے شادمان اتوار بازار، الفتح سٹوراور سویرا سٹور شادمان کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر مشیر وزیراعلی نے اتوار بازار انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ا توار بازاروں کے نرخ نامے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نرخ ناموں سے کم رکھیں۔ اکرم چوہدری نے الفتح سٹور کے معائنہ کے دوران سبزیوں کی ناقص کوالٹی پر جرمانہ کرتے ہوئے سبزی کا سٹال سیل کردیا۔ انہو ں نے سویرا سٹور کی چیکنگ کے دوران پھلوں کے ریٹ اور ناقص کوالٹی کی بناء پروارننگ دیتے ہوئے کہاکہ غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والو ں کے خلاف آئندہ ہفتے جرمانہ او رگرفتاری دونوں عمل میں لائے جائیں گے۔ انہو ں نے کہاکہ اوور چارجنگ اور کوالٹی پر سمجھوتہ کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اکرم چوہدری نے اتوار بازار انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کسی بھی سٹال پر چائلڈ لیبر کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے انہو ں نے سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتربنانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام سٹال ہولڈرزاپنے کارڈز لازمی آویزاں کریں تاکہ ان کی شناخت کا پتہ چل سکے۔ انہو ں نے اتوار بازار میں صفائی ستھرائی کی صورتحال میں بہتری لانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات جار ی کیں۔ انہو ں نے کہاکہ اتوار بازار حکومت کی جانب سے عام آدمی کو ریلیف دینے کی ایک کوشش ہے ،اگر دکاندار ناقص اشیاء فروخت کرنے کی کوشش کرے تو عوام انتظامیہ سے شکایت کرے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیر وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ اتوار بازارو ں میں سبزیوں ، پھلوں و دیگر اشیائے خوردونوش کا معیار پہلے سے بہتر ہوا ہے۔ میڈیا کی جانب سے ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمت کے بارے میں استفسار پر انہو ں نے کہاکہ ٹماٹر کی فصل تقریبا تیار ہے صرف چند روزبعد ٹماٹر مناسب قیمت پر دستیاب ہوگا۔ اس موقع پر اکرم چوہدری نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی فاطمہ بتول کواچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی کے لئے سرٹیفکیٹ بھی دیا۔
مشیر وزیر اعلیٰ