فواد احمد کی پاکستان سپر لیگ ٹرافی کے ساتھ صوابی جانے کی خواہش

فواد احمد کی پاکستان سپر لیگ ٹرافی کے ساتھ صوابی جانے کی خواہش
 فواد احمد کی پاکستان سپر لیگ ٹرافی کے ساتھ صوابی جانے کی خواہش

  


شارجہ (آئی این پی)پاکستانی نژاد آسٹریلوی لیگ سپنر فواد احمد دوبارہ پاکستان جانے کا سوچ کر بہت خوش ہیں اور کیوں نہ ہوں انھیں مشکل ترین حالات میں اپنا گھر بار چھوڑ کر آسٹریلیا میں سیاسی پناہ لینی پڑی تھی۔اب حالات بہتر ہونے کے بعد وہ اپنے خاندان اور دوستوں سے نہ صرف ملنے کا پروگرام بنا رہے ہیں بلکہ چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل کی ٹرافی کے ساتھ اپنے آبائی شہرصوابی بھی جائیں۔فواد احمد نے بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ان کے پاس اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہ تھا۔وہ میری زندگی کا کٹھن ترین وقت تھا۔ اپنا ملک اور خاندان چھوڑ کر کسی دوسرے ملک جانا اور وہاں زندگی شروع کرنا آسان نہ تھا لیکن میرے پاس یہی ایک راستہ تھا جو جان سے ماردینے کی دھمکیاں ملنے کے بعد میں نے اختیار کیا۔مجھے آسٹریلیا سے پیشکش آئی تھی لہذا میں وہاں چلاگیا تھا۔فواد احمد پاکستان سپرلیگ کھیل کر بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں،یہ تجربہ میرے لیے بہت ہی خوشگوار رہا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کامبی نیشن بہت اچھا ہے اورمیں اپنی بولنگ سے خوب لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ چاہے نیٹ پریکٹس ہو، وارم اپ میچ ہو یا فرنچائز کرکٹ مجھے ہر جگہ بولنگ میں مزا آتا ہے۔ سب سے زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ میں دوبارہ اپنے وطن جا کر کھیلوں گا۔ میرے کئی دوستوں نے مجھ سے کہا ہے کہ وہ کراچی آ کر میرا میچ دیکھیں گے اور مجھ سے ملاقات بھی کریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی /پشاورصفحہ آخر


loading...