رستم پاکستان دنگل کی میزبانی لاہور سے فیصل آباد کو منتقل

رستم پاکستان دنگل کی میزبانی لاہور سے فیصل آباد کو منتقل

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی وجہ سے رستم پاکستان دنگل فائنل کی میزبانی لاہور کے بجائے فیصل آباد کرے گا۔سیکریٹری ارشد ستار نے ایک بیان میں بتایا کہ اب محمد انعام بٹ گوجرانوالہ اورحامد خان ملتانی پہلوان کے درمیان ٹائٹل فائٹ یکم مارچ کو اقبال اسٹیڈیم میں ہوگی ،جس کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں یہ فائنل فائٹ کروانا چاہتے تھے لیکن لاہور میں پی ایس ایل کے انتظامات کی وجہ سے اس کو فیصل آباد منتقل کردیا، اب پنجاب اسٹیڈیم میں یہ دنگل منعقد ہوگا، جہاں نو سال بعد ہونے والے رستم پاکستان فائنل میں تماشائیوں کا داخلہ مفت ہوگا۔انعام بٹ کے پاس شیر پاکستان کا ٹائٹل ہے جبکہ حامد پہلوان رستم ملتان ہیں۔سیمی فائنل میں محمد انعام بٹ نے شہزاد پچار پہلوان کو چت کیا تھا جبکہ حامد ملتانی کو طیب رضا کیخلاف مقابلے میں فاتح قرار دیاگیا تھا۔رستم پاکستان ٹائٹل فائٹ سے پہلے تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے سیمی فائنل ہارنے والے دونوں پہلوان شہزاد پچار اور طیب رضا میں بھی جوڑ پڑے گا۔تماشائیوں کی دلچسپی کے لیے چند مقابلے مزید بھی رکھے جارہے ہیں جن میں نئے پہلوان ایک دوسرے پر برتری ثابت کرنے کی کوشش کریں گے۔سیکریٹری ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار کے مطابق رستم پاکستان ٹائٹل پانے والے کو5 لاکھ روپے انعام دیاجائیگا، عمدہ کارکردگی دکھانے والے دوسرے پہلوانوں کوبھی نقد انعامات سے نوازا جائیگا۔پاکستان میں دیسی کشتی کے فن کو زندہ رکھنے اور مقبول بنانے کے لیے فیڈریشن نے ہر دوسال بعد رستم پاکستان دنگل کرانے کی پلاننگ کی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی /پشاورصفحہ آخر


loading...