گزشتہ ماہ:پاک بھارت تجارت میں 17.4فیصد کمی،حجم 19کروڑ 55لاکھ ڈالر رہا
کراچی،لاہور(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ )پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت کیساتھ تجارت کا مستقبل کیا ہوگا اس کا تو ابھی پتہ نہیں لیکن جنوری کے دوران بھی پاک بھارت باہمی تجارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔سٹیٹ بینک کے مطابق جنوری کے دوران پاک بھارت باہمی تجارت کا حجم 19 کروڑ 55 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ جنوری سے 17.4 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سا ل جنوری میں 23 کروڑ 67 لاکھ روپے کی باہمی تجارت ہوئی تھی، جنوری کے دوران بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیا کی مالیت 21.5 فیصد کمی سے 15 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہ گئی لیکن بھارت کو برآمدات کا حجم 6.6 فیصد اضافے سے 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالر رہا۔تاہم مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران تجارت میں اضافے کے باعث مجموعی طور پر سات ماہ کے دوران دونوں ملکوں کی دو طرفہ تجارت کا مجموری حجم ایک ارب 7 کروڑ 27 کروڑ 42 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال سے 14 فیصد زیادہ ہے۔ سات ماہ میں مجموعی طور پر بھارت سے آنے والی درآمدات 17 فیصد اضافے سے ایک ارب 2 کروڑ 43 لاکھ روپے تک پہنچ گئیں لیکن بھارت کو برآمدات میں صرف 4 فیصد ہی اضافہ ہو سکا، بر آمدات کا حجم 24 کروڑ 98 لاکھ روپے رہا۔جبکہ پاک بھارت تجارت بند ہونے سے سیمنٹ ، جپسم ،نمک اورخشک میوہ جات سے لدے سینکڑوں ٹرک واہگہ بارڈرسے واپس منگوالئے گئے ہیں وہیں اب بھی درجنوں ٹرک ڈرائیور تجارت بحال ہونے کی امید لگائے جی ٹی روڈ سرحد پر کھڑے ہیں۔پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پردباؤ بڑھا نے کیلئے پاکستانی مصنوعات کی درآمدپر200 فیصدڈیوٹی لگادی تھی جس کی وجہ سے بھارتی تاجروں نے اپنے آرڈرمنسوخ کرتے ہوئے سیمنٹ ، جپسم ،نمک اورخشک میوہ جات لینے سے انکارکردیاتھا۔تجارت بندہونے سے تجارتی سامان کے ٹرک واپس منگوالیے گئے ہیں تاہم سیمنٹ اور نمک سے لدے 100 کے قریب ٹرک جی ٹی روڈ واہگہ بارڈر پر کھڑے ہیں۔نجی چینل سے بات کرتے ہوئے ایک ٹرک ڈرائیورفضل خان اورعبدالرحیم نے بتایا انہیں یہاں کھڑے ہوئے سات دن ہوگئے ہیں۔ سینکڑوں ٹن سیمنٹ ان کی گاڑی پر لدا ہے اب ہم اس انتطارمیں ہیں کہ ایکسپورٹرسیمنٹ واپس منگوالے۔ وہ 3 لوگ ہیں اور اب تو ان کے پاس کھانے کے لئے پیسے بھی ختم ہوچکے ہیں۔ سڑک کنارے گاڑی میں ہی کئی دن گزارنا ایک اذیت ناک کام ہے لیکن ان کی مجبوری ہے۔