سندھ فوڈ اتھارٹی کی برنس روڈ پرکارروائی ، فریسکو اور وحید ہوٹل سیل

سندھ فوڈ اتھارٹی کی برنس روڈ پرکارروائی ، فریسکو اور وحید ہوٹل سیل

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی میں کارروائی کے دوران معروف بیکری اور ایک کباب ہاؤس کو سیل کردیا۔ کچن کی ناقص صورتحال اور مضر صحت اشیا استعمال کرنے پر کارروائی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی کے عملے نے کراچی کے معروف برنس روڈ پر بڑی کارروائی کی۔ وحید کباب ہاؤس پر موجود ناکارہ فریج میں گوشت کو محفوظ کیا گیا تھا، ہوٹل پر موجود خام مال بھی مضر صحت نکلا۔حکام کے مطابق وحید کباب ہاؤس کی انتظامیہ کو پہلے بھی تین بار وارننگ اور40 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا گیا تھا ، تاہم انتظامیہ نے بہتری کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے۔ایس ایف اے کے ڈائریکٹر ابرار شیخ کے مطابق سندھ فوڈاتھارٹی کی جانب سے ریسٹورینٹ کا یہ چوتھا دورہ تھا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دورے میں ہم نے انہیں آخری وارننگ دی تھی اور اس کے ساتھ ساتھ 40 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب سندھ فوڈاتھارٹی کی ٹیم ریسٹورنٹ پہنچی اور کچن کا معائنہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ فریج کام نہیں کر رہا جس کی وجہ سے گوشت سے نکلنے والا پانی قریب پڑے آٹے اور ادرک میں مل رہا تھا۔انہوں نے بتایاکہ یہاں آلودگی کے نشانات صاف عیاں تھے۔ابرارشیخ نے کہاکہ پورا کچن خراب تھا اور یہاں کیڑے مکوڑوں کو دور رکھنے کے شواہد کے حوالے سے کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں اور خام مال کو محفوظ رکھنے کے لیے کوئی جگہ بھی نہیں تھی۔برنس روڈ پر ہی دوسری کارروائی میں کئی دہائیوں سے قائم فریسکو بیکری کے کچن کو بھی سیل کردیا گیا۔حکام کے مطابق فریسکو بیکری کو پہلے بھی وارننگ لیٹر کے ساتھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاچکا ہے، لائسنس کے اجرا کی درخواست پر سرپرائز وزٹ کیا گیا۔حکام کے مطابق زائد المیعاد اشیا کے نمونے لیب بھیجے جائیں گے، رپورٹ کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز ہوگا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر /راولپنڈی صفحہ آخر


loading...