ماضی ملکی وسائل کو بیدردی سے لوٹاگیا ، تحریک انصاف وعدوں کی تکمیل پر یقین رکھتی ہے: عاطف خان
پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت،ثقافت وامور نوجوانان محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف وعدوں کی تکمیل پر یقین رکھتی ہے، ماضی میں ملکی وسائل کو بیدردی سے لوٹا گیا تھا، قرضوں کی ادائیگی کے لیے مزید قرض لینا پڑ رہا تھا، آج دیانتدار قیادت کی وجہ سے دنیا کے حکمران پاکستان کے ساتھ تجارت اور کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں اپنے حلقے پی کے 50 میں مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے بعد ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینئر وزیر نے کہا کہ مردان کے غیور عوام نے الیکشن میں روایتی سیاستدانوں کو شکست دیکر ثابت کیا کہ وہ ملک میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔عوام نے پاکستان تحریک انصاف پر جس اعتماد کا اظہار کیا اب اسکا بدلہ چکانے کا وقت ہے۔الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف نے عوام کیساتھ جو وعدے کئے تھے ان وعدوں پر من وعن عمل کرایا جائیگا۔سینئر وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں انشاء اللہ بہت جلد ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہونگے۔ملک میں بڑی تعداد میں سرمایہ کاری وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور وژن کا نتیجہ ہے۔ماضی میں حکمران طبقہ قومی مفادات کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے تھے یہی وجہ تھی کہ کوئی ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے تیار نہیں تھا اب کئی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔جسکے نتائج بہت جلد سامنے آنا شروع ہوجائینگے۔