اقوام عالم میں پاکستان کا معیار بلند ہوتا جا رہا ہے: اسد قیصر

اقوام عالم میں پاکستان کا معیار بلند ہوتا جا رہا ہے: اسد قیصر

پشاور (سٹاف رپورٹر)سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ اقوام عالم میں پاکستان کا معیار بلند ہوتا جا رہاہے، دیگرممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی اورمعیشت مستحکم ہورہی جوبھارت کوہضم نہیں ہوہا اور ترقی کرتاپاکستان سے اقوام عالم کی توجہ ہٹانے کیلئے وطن عزیز کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ ہم پرامن قوم ہے کسی صورت جنگ کے حامی نہیں لیکن اگرکوئی للکارنے کی کوشش کریگا توسیاسی اختلافات کوبالائے طاق رکھ کرپوری قوم اسے ناکوں چنے چبھوانے کیلئے یکجان ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے صوابی میں تیسری ڈی سی سپورٹس گالاکے افتتاحی تقریب کے موقع پرشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرچیئرمین سینٹ محمدصادق سنجرانی،سینیٹرایوب آفریدی،سینیٹرفدامحمدوممبران صوبائی اسمبلی بھی موجودتھے۔ سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے اس خطے کیساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک کیاہے مگراب انشاء اللہ ان تمام محرومیوں کاحقیقی معنوں میں ازالہ ہوگا،قوم کووہ نیاپاکستان دیں گے جس کاوعدہ وزیراعظم عمران خان نے کیاہے جہاں روزگارکے وافرمواقع ہوں گے،امن کی فصل لہلہائے گی،بھائی چارہ ہوگا،بیرونی سرمایہ کارآئیں گے اورایک مضبوط معیشت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ جلدتربیلاکے مقام پرایک انجینئرنگ یونیورسٹی قائم کرینگے،ہنڈکے مقام پرایک بہترین پارک،کیڈٹ کالج اورجھیل کیساتھ ایک واٹرپارک بھی تعمیر کریں گے۔ سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے ڈی سی سپورٹس گالامیں حصہ لینے والے ہرٹیم کوپچاس پچاس ہزارروپے،فٹ بالز،بلے سمیت دیگر کھیلوں کاسامان دینے کااعلان کیا جبکہ چیئرمین سینٹ محمدصادق سنجرانی نے سپورٹس کمپلیکس کیلئے ایک کروڑاوراپنے جیب سے10 لاکھ روپے سپورٹس گالا کے ٹیمزمیں تقسیم کرنے کااعلان کیا۔ قبل ازیں سپیکرقومی اسمبلی وچیئرمین سینٹ نے صوابی یونیورسٹی کے نئے کیمپس میں بلاک دوئم کاافتتاح ،ٹوپی کالج اورCatagory-3ہسپتال ٹوپی کابھی دورہ کیا۔ نئے کیمپس کے بلاک دوئم کے افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ نوجوانوں کومعیاری زیورتعلیم سے آراستہ کرنا تحریک انصاف کانصب العین ہے،تحریک انصاف کی بنیادہی یوتھ ہے،UNDPکیساتھ مل کرنوجوانوں کیلئے ایک مربوط مکمل پلان ترتیب دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کیلئے تحصیل سطح پرکھیلوں کے میدان تعمیرکئے جائیں گے،پاکستان کی 70فیصدآبادی یوتھ پرمشتمل ہے آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کیلئے ایک مکمل پلان دیں گے،یوتھ ہی کی بدولت پاکستان کامعیاربلندہوتاجارہاہے۔ چیئرمین سینٹ محمدصادق سنجرانی نے نئے صوابی کیمپس کیلئے دوکروڑروپے گرانٹ کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ اسدقیصرصوابی کے غیورعوام کیلئے ایک انمول سرمایہ ہے۔انہوں نے کہاکہ صوابی یونیورسٹی اورسپورٹس کمپلیکس کے طرز پرچاغی بلوچستان میں بھی یونیورسٹی اورسپورٹس کمپلیکس تعمیرکریں گے۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...