حکمرانوں کے پاس کسی قسم کا سیاسی و معاشی ویژن نہیں،امیر العظیم

حکمرانوں کے پاس کسی قسم کا سیاسی و معاشی ویژن نہیں،امیر العظیم

لاہور(سٹی رپورٹر)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے پاس کسی قسم کا سیاسی و معاشی وژن نہیں۔ ایک طرف موجودہ حکومت کی ظالمانہ اور غریب کش پالیسیوں کی بدولت عوامی مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتاجارہا ہے۔دوسری طرف ملک میں چور،لٹیرے اور کمیشن مافیا کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔لوگوں کو پینے کاصاف پانی،صحت کی بنیادی سہولیات،تعلیم،لوڈشیڈنگ،دہشتگردی،مہنگائی اور بے روزگاری جیسے گھمبیر مسائل کاسامنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کو قائم ہوے چھ ماہ گز ر گئے ہیں مگر عوام کے ساتھ کیے جانے والے وعدے ابھی تک پورے نہیں ہوئے۔ریلیف کے نام پر قوم کے جذبات کو مجروع کیا جا رہاہے۔ عوام نے دوپارٹی نظام سے تنگ آکر تحریک انصاف کی حکومت کو موقع دیا تھا۔

مگر بد قسمتی سے وہ بھی سابقہ حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کے ہرادارے میں کرپشن کی داستانیں سنائی اور دکھائی دیتی ہیں۔موجودہ و سابقہ ادو ارمیں کرپٹ اور نااہل لوگوں کو اہم عہدوں پر فائز کرنے سے منافع بخش ادارے قومی خزانے پر بوجھ بن چکے ہیں۔ ملک میں وسیع پیمانے پر بجلی کی چوری ایک ناسور بن گئی ہے جس سے اس وقت ملکی خزانے کو150ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔ جب تک عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم نہیں کیاجاتا ترقی اور خوشحالی کے دعوے حقیقت کا روپ نہیں دھار سکتے۔ پاکستان اس وقت عملامسائلستان بن چکاہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام منافع بخش ادارے نااہلی اورلوٹ مار کی وجہ سے قومی خزانے پر سفید ہاتھی بن گے ہیں جبکہ پی آئی اے،اسٹیل مل،واپڈا،ریلوے اور دیگر ادارے سیاسی بھرتیوں کے باعث خسارے میں جارہے ہیں۔اقرباپروری اور موروثیت نے سرکاری اداروں کابیڑہ غرق کر دیا ہے۔ صوبہ پنجاب میں صحت،پولیس،تعلیم جیسے اہم ادارے کرپٹ اور نااہل افراد سے بھرے پڑے ہیں۔ اور حکمران زبانی کلامی اقدامات کر رہے ہیں۔ کرپشن اور رشوت خوری نے تمام اداروں کواپنی لپیٹ میں لے رکھاہے۔لوگوں کو اپنے جائز کام کروانے کے لیے بھی رشوت کاسہارالینا پڑتا ہے۔امیر العظیم نے مزید کہا کہ فرسودہ اور کرپٹ نظام کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ محب وطن قیادت ملک و قوم کو میسر آئے ۔پی ٹی آئی کی حکومت عوامی توقعات پرپورا اترنے میں بری طرح ناکام رہی ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...