سڈنی میں اشرف شاد کے نئے ناول ”بی اے رستم، ٹی وی اینکر“ کی تقریب رونمائی

سڈنی میں اشرف شاد کے نئے ناول ”بی اے رستم، ٹی وی اینکر“ کی تقریب رونمائی
سڈنی میں اشرف شاد کے نئے ناول ”بی اے رستم، ٹی وی اینکر“ کی تقریب رونمائی

  


سڈنی (اپنے رپورٹر سے) اردو کے ممتاز ناولنگار، شاعر اور صحافی اشرف شاد کو سڈنی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں ان کے نئے ناول ”بی اے رستم ،ٹی وی اینکر“ کی اشاعت پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کتاب کی تقریب رونمائی میں اظہار خیال کرنے والوں نے ، جن میں اہم ادیب اور سکالرز شامل تھے۔ اشرف شاد کے نئے ناول کو ایک ایسا آئینہ قرار دیا جس میں پاکستان کے میڈیا کے حقیقی خدوخال واضح کیے گئے ہیں۔

یہ اشرف شاد کا پانچواں ناول ہے جبکہ ان کی اب تک پندرہ کتابیں شائع ہوچکی ہیں جن میں شاعری کے مجموعے اور صحافیانہ اور تحقیقی کام بھی شامل ہیں۔

سڈنی میں ہونے والی تقریب کی صدارت پروفیسر فرحت یوسف نے کی جن کی علمی خدمات پر آسٹریلیا کی حکومت انہیںض آرڈر آف آسٹریلیا کا اعزاز دے چکی ہے۔ سڈنی میں پاکستان کے قونصل جنرل عبدالماجد یوسفانی مہمان خصوصی تھے جبکہ کتاب پر اظہار خیال کرنے والوں میں مشہور ادیب و شاعر ڈاکٹر باقر رضا، یونیورسٹی آف نیو ساﺅتھ ویلز میں انگیزی ادب کے استاد ڈاکٹر عباس زیدی، پاکستان سے آئے ہوئے ممتاز شاعر و ادیب ڈاکٹر اخلاق گیلانی، مشہور سکالر اور شاعر پروفیسر رئیس علوی، ممتاز ادیب طارق مرزا، ایس بی ریڈیو آسٹریلیا کی اردو سروس کے سربراہ ریحان علوی اور اردو انٹرنیشنل آسٹریلیا کے رہنما عارف صادق شامل تھے۔ تقریب کی ایک خصوصیت یہ بھی تھی کہ اس میں ٹی وی کی ممتاز فنکارہ عظمیٰ گیلانی نے ناول کا ایک باپ پڑھ کر سنایا۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر یاسمین شاد اور ہما مرزا نے مشترکہ طور پر کی۔

اشرف شاد پچھلے تیس سالوں سے سڈنی میں مقیم ہیں اور ان کے پہلے ہی ناول ’بے وطن‘ پر انہیں 1998ءمیں پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز نے بہترین ناول کے وزیراعظم لٹریری ایوارڈ سے نوازا تھا۔ وہ سیاسی فکشن لکھنے والے ایک اہم ناول نگار ہیں جن کے ناول وزیراعظم، صدر محترم اور جج صاحب بہت مقبول ہوئے ہیں۔ وہ آسٹریلیا میں پندرہ سال تک ایس بی ایس ریڈیو کی اردو سروس کے سربراہ رہے ہیں اور پاکستان سمیت کئی ملکوں میں اخبارات و جرائد کے ایڈیٹر رہ چکے ہیں۔

ان کا نیا ناول ”بی اے رسم، ٹی وی اینکر“ گزشتہ سال اسلام آباد سے شائع ہوا تھا اور چند مہینوں قبل اس کی تقریب رونمائی کراچی آرٹس کونلس میں ہوئی تھی جس میں ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، مہتاب اکبر راشدی، غازی صلاح الدین، پروفیسر جعفر احمد اور اخلاق احمد جیسے ممتاز ادیبوں نے اشرف شاد کی ناول نگاری پر اہم مقالے پڑھے تھے۔

مزید : بین الاقوامی


loading...