کولن انگرام نے ایک جھٹکے میں ہی کئی ریکارڈ توڑ ڈالے، جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

کولن انگرام نے ایک جھٹکے میں ہی کئی ریکارڈ توڑ ڈالے، جان کر آپ بھی حیران رہ ...
کولن انگرام نے ایک جھٹکے میں ہی کئی ریکارڈ توڑ ڈالے، جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

  


شارجہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور کے 15 ویں میچ میں جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے کھلاڑی کولن انگرام نے ناصرف رواں سیزن کی پہلی سنچری اپنے نام کی ہے بلکہ انہوں نے پی ایس ایل میں اب تک کا سب سے زیادہ انفرادی سکور بنانے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کولن انگرام نے 59 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 127 رنز کی ناقابل شکست کی اننگز کھیلی جبکہ صرف 50 گیندوں پر ہی اپنی سنچری مکمل کر لی تھی۔ انہوں نے وکٹ کے چاروں اطراف شاندار سٹروکس کھیلتے ہوئے پی ایس ایل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی بنالیا۔

اس کے علاوہ کولن انگرام پی ایس ایل میں سنچری سکور کرنے والے پہلے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ انگرام کی 127 رنز کی اننگز ان کے ٹی 20 کیریئر کی بھی سب سے بڑی اننگز ہے اور اس کے علاوہ انہوں نے پی ایس ایل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا آغاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔

اس سے قبل پی ایس ایل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی شرجیل خان کے پاس تھا جنہوں نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں اسلام آباد کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا جنہوں نے پشاور زلمی کے خلاف 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 117 رنز سکور کرکے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔

پی ایس ایل میں اب تک 4 مرتبہ سنچریاں سکور ہوچکی ہیں جن میں ایک انگرام، ایک شرجیل خان جبکہ 2 مرتبہ کامران اکمل نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔کولن انگرام نے اپنی اننگز کے دوران پی ایس ایل میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ 8 چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا اس سے قبل عمر اکمل، شرجیل خان، کیون پیٹرسن اور کامران اکمل بھی ایک اننگز کے دوران 8 چھکے لگا چکے ہیں۔

انگرام کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دی، انگرام کے برق رفتار 100 رنز نے کراچی کنگز کیلئے ہدف کا حصول آسان بنادیا، شاندار بیٹنگ پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزید : کھیل /PSL /PSL News Update


loading...