ہواوے نے فولڈ ہونے والا سمارٹ فون متعارف کروادیا، لیکن قیمت آسمانوں سے باتیں کرے
بارسیلونا(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ دنوں دنیا میں پہلی بار چین کے ایک ریلوے سٹیشن پر 5جی انٹرنیٹ کی سروس متعارف کروائی گئی تاہم تاحال مارکیٹ میں کوئی ایسا سمارٹ فون موجود نہیں تھا جو 5جی کو سپورٹ کرتا۔ اب چین ہی کی ٹیکنالوجی کمپنی ’ہواوے‘ نے پہلی بار ایسا سمارٹ فون متعارف کروا دیا ہے جو 5جی نیٹ ورک پر چلے گا۔ میل آن لائن کے مطابق بارسیلونا میں ہونے والی ورلڈ موبائل کانگریس میں متعارف کروائے گئے اس ماڈل کا نام ’ہواوے میٹ ایکس‘ ہے جو فولڈ ایبل سمارٹ فون ہے۔ اس جدید ترین فون کی قیمت 2ہزار600 ڈالر (تقریباً 3لاکھ 60ہزار روپے)کے لگ بھگ ہو گی جو کہ ایپل آئی فون سے دو گنا سے بھی زیادہ ہے۔
میٹ ایکس جب فولڈ کیا ہو گا تو اس کا سائز نارمل سمارٹ فونز کے برابر ہو گا تاہم جب اسے ’اَن فولڈ‘ کیا جائے گا تو اس کی سکرین 8انچ قطر کی ہو جائے گی جو کہ چھوٹے ٹیبلٹ کی سکرین کا سائز ہے۔یہ ماڈل رواں سال کے وسط میں مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔ ہواوے کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ یو کا کہنا تھا کہ ”ہواوے کا یہ نیا سمارٹ فون ماڈل صارفین کی بڑی سکرین اور طویل بیٹری لائف کی ضروریات کو کماحقہ پورا کرے گا۔ ہمارے انجینئرز نے اس فون کی تیاری میں 3سال محنت کی ہے تاکہ جب اسے فولڈ کیا جائے تو اس کے دونوں حصوں میں کوئی فاصلہ نظر نہ آئے۔اس کی سکرین باہر کی طرف فولڈ ہوتی ہے۔ چنانچہ فولڈ ہونے کے بعد بھی صارفین سکرین دیکھ سکتے ہیں۔گلیکسی فولڈ جیسے جن ماڈل سے اس فون کا مقابلہ ہے ان میں صارفین کو یہ سہولت میسر نہیں ہے کیونکہ ان کی سکرین اندر کی طرف فولڈ ہوتی ہے۔“