پی ایچ اے کے زیراہتمام شجر کاری مہم کا باقاعد ہ آغاز

پی ایچ اے کے زیراہتمام شجر کاری مہم کا باقاعد ہ آغاز

  



لاہور(پ ر) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام شہر لاہور میں بہار کی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا،شجرکاری مہم کا آغاز جیلانی پارک میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے پودا لگا کر کیااس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین پی ایچ اے لاہور انجینئر یاسر گیلانی، وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے مظفر خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق علی بسرا، ترجمان پی ایچ اے نادیہ طفیل سمیت دیگر افسران نے بھی پودا لگایا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا کہ سال 2020 میں ”ایک بشر دو شجر“ شجرکاری مہم لاہور کو سرسبز و شاداب بنائے گی۔ ہر محب وطن شہری اپنے حصے کے دو پودے لگاکر وزیر اعظم پاکستان کی کلین اینڈ گرین مہم کو کامیاب بنائے۔

بڑھتی ہوئی گلوبل وارمنگ سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شہری اپنے حصے کے دو پودے لگا کر ان کو پروان چڑھائے تو بہت جلد پاکستان سرسبز ہو سکتا ہے۔ پودے لگا کر ان کی حفاظت اور نشوونما کیلئے انتظامات کرنا درحقیقت اصل ذمہ داری ہے۔اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے انجینئر یاسر گیلانی نے کہا شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف کمیونٹیز، تنظیموں، کاروباری و تجارتی افراد، سول سوسائٹیز بھر پور حصہ لیں۔پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہر سطح پر کام کررہی ہے۔ چیئرمین پی ایچ اے انجینئر یاسر گیلانی مزید کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی 2020 میں اڑھائی لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ٹارگٹ پورا کرے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1