چیئر پرسن ایف بی آر کا ٹیکس وصولی ہدف بہت زیادہ اور مشکل ہونے کا اعتراف

  چیئر پرسن ایف بی آر کا ٹیکس وصولی ہدف بہت زیادہ اور مشکل ہونے کا اعتراف

  



اسلام آباد (این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی قائم مقام چیئرپرسن نوشین جاوید امجد نے ٹیکس وصولی کا ہدف بہت زیادہ اور مشکل قرار دیدیا۔کسٹمز ہاؤس کراچی میں اسسٹنٹ کلکٹرز کی پاسنگ آؤٹ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایف بی آر کی قائم مقام چیئرپرسن نوشین جاوید نے کہا کہ سیلز ٹیکس وغیرہ کے نمبروں میں کمی آئی ہے، ہدف پورا کرنا مشکل نظر آرہاہے۔نوشین جاوید نے کہا کہ معاشی صورتحال دیکھتے ہوئے حکومت کا ٹیکس جمع کرنے کا ہدف بہت مشکل اور بڑا ہے، یہ نہیں کہوں گی کہ ٹارگٹ پورا نہیں ہوسکتا، ابھی 4 ماہ ہیں کوشش کررہے ہیں تاہم مشکل بہت ہے۔ایف بی آر کی چیئرپرسن نے کہاکہ اس سال سیلز ٹیکس، کسٹمز ڈیوٹی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں بہت کمی آئی ہے، اپنی ٹیم پر بھروسہ ہے کہ وہ کارگردگی دکھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ٹیکس دینے میں مسائل آتے ہیں اسے کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ٹیکنالوجی کو زیادہ سے زیادہ لایا جارہا ہے، بارڈرز پر بھی سکینرز لگائے جارہے ہیں۔نوشین جاوید نے کہاکہ ہمارا اور تاجروں کا بھروسہ دو طرفہ ہوتا ہے، ہمیشہ کوشش ہوتی ہے بھروسے کا فقدان کم ہو۔

چیئرپرسن ایف بی آر

مزید : صفحہ اول