وزیراعلٰی کا لاہور میں پنجاب کارڈیالوجی ٹو اور انسٹیٹیوٹ آف بلڈ دیزیز بنانے کا اعلان

  وزیراعلٰی کا لاہور میں پنجاب کارڈیالوجی ٹو اور انسٹیٹیوٹ آف بلڈ دیزیز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں دل کے امراض کے علاج کیلئے ایک نیا ہسپتال بنایا جائے گا۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو کے منصوبے کیلئے ابتدائی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ پبلک سیکٹر میں امراض خون سے متعلق علاج معالجے کا کوئی ادارہ موجود نہیں۔ہماری حکومت لاہور میں انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز بھی بنائے گی۔ 500 بستروں پر مشتمل یہ ادارہ اگلے مالی سال میں شروع کیا جائے گا۔ بدقسمتی سے کسی حکومت نے انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے قیام کے بارے میں نہیں سوچا۔پاکستان میں صرف 180 مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ایک ادارہ موجود ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے پاس ایسا ادارہ ہونا چاہیئے جہاں ہم ایک لاکھ 80 ہزار مریضوں کا علاج کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گنگا رام ہسپتال میں 600 بستروں پر مشتمل مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ 10منزلہ ہسپتال کی تعمیر پر 7 ارب روپے لاگت آئے گی،ہسپتال میں زچہ و بچہ کے علاج معالجے کے لئے جدید سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ہسپتال میں 13 آپریشن تھیٹرز بنائے جائیں گے جبکہ گراؤنڈ فلور پر ایمرجنسی کا شعبہ قائم کیا جائے گا۔سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کی تعمیر اور اہم خدو خال کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ بہاولنگر، سیالکوٹ، میانوالی، اٹک، راجن پور، لیہ اور مظفرگڑھ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جا رہے ہیں اور ان ہسپتالوں کے ساتھ نرسنگ کالج بھی قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اگلے ماہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اسی طرح رحیم یار خان میں شیخ زید ہسپتال ٹو کا منصوبہ اگلے مالی سال میں شروع کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام اضلاع میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کا کام مکمل کر لیا۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت ہماری پہلی اور آخری ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور ان کا محکمہ بہت اچھا کام کر رہا ہے جس پر میں صوبائی وزیر صحت اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتاہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی درخواست پر سمن آباد ہسپتال کو گنگا رام ہسپتال کے ساتھ منسلک کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس کیلئے اراضی فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں نالج پارک میں زمین کی نشاندہی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ برس میں تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت میں مصروف ہے اور ہماری حکومت کا کوئی کرپشن کا سکینڈل نہیں ہے،یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے شفاف حکومت ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل اعوان نے بھی خطاب کیا جبکہ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عامر زمان خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔بعدازاں وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری سے ملاقات کی،جس میں اسمبلی ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے اور ڈپٹی سپیکر کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر بھی بات چیت ہوئی۔وزیرِ اعلی پنجاب نے ڈپٹی سپیکر کو یقین دہانی کراوئی کہ ان کے تمام تر تحفظات دور کئے جائیں گے اور آئندہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا، پنجاب کابینہ کے 26 ویں اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -