بلاول نواز شریف سے متعلق بات نہ کرتے تو اچھا ہوتا، حمز شہباز

          بلاول نواز شریف سے متعلق بات نہ کرتے تو اچھا ہوتا، حمز شہباز

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے نواز شریف سے متعلق جو بات کی ہے اگر وہ نہ کرتے تو اچھا ہوتا،نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک گئے ہیں اور ان کی صحت کے معاملات انتہائی سنجیدہ ہیں،مرکزی بینک کے گورنر پاکستان کی معیشت کا موازنہ ایتھوپیا اور سوڈان جیسے ممالک کے ساتھ کر رہا ہے، ہم ترقی کی شرح کو 5فیصد سے زائد پر چھوڑ کر گئے جو اب بمشکل 2فیصد کے قریب ہے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ جب آصف زرداری بیمار تھے تو میں ان کی صحتیابی کے لئے دعا ئیں کرتا تھا،بلاول بھٹو نے نواز شریف سے متعلق جو بات کی ہے اگر وہ نہ کرتے تو اچھا ہوتا،سیاست میں جو شائستگی کا سفر شروع کیا اس کو برقرار رہنا چاہیے،دعا ہے کہ اللہ تعالی سب کے والدین کو صحت عطا فرمائے،نواز شریف کی اس ملک کیلئے بڑی خدمات ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا میثاق معیشت کریں، آج مہنگائی کی وجہ عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے،گورنر اسٹیٹ بینک پاکستان کی معیشت کا موازنہ ایتھوپیا اور سوڈان جیسے ملک سے کر رہے ہیں،پاکستان میں شرح سود سوا تیرہ فیصد سے بھی زیادہ ہے جو بلند ترین ہے،اس کے ساتھ نا اہلی،کوتاہی اور چوری بھی شامل ہو گئی۔ہر کوئی اب فکر مند ہے کہ غریب آدمی مہنگائی تلے دفن ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کا پہیہ جام ہو گیا ہے،ہماری حکومت ترقی کی شرح 5فیصد سے زائد پر چھوڑ کر گئی جو اب بمشکل دو فیصد کے قریب،معیشت کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے۔

حمزہ شہباز

مزید : صفحہ آخر