وزیراعظم کو احتساب میں دلچسپی ہوتی تو سب سے پہلے خود اور وزراء کو پیش کرتے: سراج الحق

  وزیراعظم کو احتساب میں دلچسپی ہوتی تو سب سے پہلے خود اور وزراء کو پیش کرتے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خصوصی رپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کے وعدوں کی خیالی عمارت زمین بوس ہوگئی۔حکومت پہلے دن سے ہی وژن کے بحران کا شکار ہے۔پہلے سے آزمائے ہوئے ٹولے نے ملک کو بحرانوں کی آماجگاہ بنا دیا۔وزیراعظم کو 22کروڑ عوام کی نہیں اپنے کچھ پیاروں کے مفادات کی فکر ہے۔اگر وہ آٹے اور چینی کا بحرا ن پید اکرنیوالوں کو جانتے ہیں تو پھر اب کمیٹیاں بنانے کی کیا ضرورت ہے۔آٹے چینی کے ذخیرہ اندوز راتوں رات اربوں کمانے والے کسی سے چھپے ہوئے نہیں،وزیراعظم کے ہی آس پاس موجود ہیں انہیں ڈھونڈنے کی نہیں پکڑنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم کو اگر واقعی احتساب میں دلچسپی ہوتی تو سب سے پہلے خود کو اور اپنے وزراء کو احتساب کیلئے پیش کرتے۔بڑے مجرموں کی پردہ پوشی اور چھوٹوں کو جیلوں میں بند کرنے سے جرائم کا خاتمہ نہیں ہوگا۔مہنگائی اور بے روز گاری کی صورتحال یہی رہی تو حکمران عوامی غیظ و غضب سے نہیں بچ سکیں گے۔جب تک خوف خدا رکھنے والی دیانتدار قیادت برسراقتدار نہیں آتی مسائل حل نہیں ہونگے۔72سال میں ایک بار بھی اسلام کے عادلانہ نظام کو نہیں آزمایا گیا۔آئینی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے سود کا خاتمہ کرکے عشروزکواۃ کے معاشی نظام کو رائج کیا جائے۔جب تک اللہ سے بغاوت کا رویہ ترک نہیں کیا جاتا معاشی ترقی اور خوشحالی کوتصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر مدارس کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو حکمرانوں کے خلاف پوری قوم اٹھ کھڑی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنگوٹہ سوات میں مدرسہ احیاء العلوم میں ختم بخاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اب معاشی صورتحال اس قدر دگرگوں ہوچکی ہے کہ عوام کے صبر کا پیمانہ کسی وقت بھی لبریز ہوسکتا ہے،اگر بھوک اور غربت کے مارے لوگوں نے جھونپڑیوں سے نکل کر حکمرانوں کے عالی شان محلوں اور بنگلوں کا محاصرہ کرلیا تو انہیں بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے ضروری ہے کہ گیس بجلی اور تیل کی قیمتیں کم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ مدارس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو قوم کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -