چیمبر کے ممبران کی تعداد 8 ہزار ہو گئی،صدر فیصل آباد چیمبر

        چیمبر کے ممبران کی تعداد 8 ہزار ہو گئی،صدر فیصل آباد چیمبر

  



فیصل آباد (اے پی پی) گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران مختلف کاروباری و تجارتی شعبہ جات سے منسلک افراد کے ایوان صنعت و تجارت کی رکنیت لینے سے چیمبر کے ممبران کی تعداد 7سے بڑھ کر 8ہزار کے قریب ہو گئی ہے جبکہ صنعت و تجارت سے متعلقہ ہر شعبہ کو چیمبر کے مرکزی دھارے میں لانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ اُن کے متعلقہ مسائل کو حل کر کے وطن عزیز کی ترقی کی رفتار کو مزید تیز تر کیا جا سکے اور امید ہے کہ ہم اس طرح سے کام کریں گے تو اپنے مقصد میں ضرورکامیابی حاصل کریں گے ۔ فیصل ۱ٓباد چیمبر آفکامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خان نے بتایاکہ نہ صرف تمام شعبہ جات سے منسلک کاروباری افراد کو چیمبر کا ممبر بننے کی ترغیب دی جا رہی ہے بلکہ تمام چھوٹی بڑی کاروباری تنظیموں کے ساتھ بھی براہ راست روابط کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ ان کے مسائل کے حل اور ان کی کاروباری سرگرمیوں میں بہتری لانے کیلئے انہیں تمام بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ فیصل آباد چیمبر کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس کی تمام قائمہ کمیٹیوں میں تجربہ کار افراد کو بھر پور نمائندگی فراہم کی جا رہی ہے جن کی سفارشات پر عملدر آمد کرتے ہوئے بزنس فرینڈلی ماحول مرتب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کاروباری طبقہ کو تمام سہولیات دستیاب ہوں گی تو وہ بہتر ماحول میں ملک کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ صنعت و تجارت سے منسلک ہر شعبہ کو چیمبر کے مرکزی دھارے میں لانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے تاکہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہوسکے اور اس سے ملکی معشیت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں اس حوالے سے کام کررہے ہیں کہ مختلف سیکٹرز کی مشکلات کا ایک ہی پلیٹ فارم پر باہمی مشاورت سے حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کی ممبر شپ بڑھانے کیلئے تمام عہدیداران و ممبران کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔انہوں نء کہا کہ بڑی تعداد میں نئے ممبران کا رکنیت لینا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ چیمبر انتہائی متحرک اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

مزید : کامرس