صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، فیصل آباد چیمبر

صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، فیصل آباد چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (بیورورپورٹ)پانی کے دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کیلئے ہر سطح پر شعوری کوششیں کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف زرعی اور صنعتی ضروریات بلکہ پینے کیلئے صاف پانی کی وافر دستیابی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے آسٹریلیا کے ریسرچر پروفیسر جم سے ملاقات کے دوران بتائی۔ اس موقع پر انڈسٹری اکیڈیمیا لینکجز بارے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حبیب اسلم گابا کے علاوہ جامعہ زرعیہ کے ڈاکٹر فاروق بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ آنے والی نسلوں کیلئے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے ہمیں پانی کے موجودہ ذخائر کو محفوظ بنانے کے علاوہ اس کے مؤثر استعمال پر بھی توجہ دینا ہو گی۔ اور اس سلسلہ میں غیر ملکی امداد اور ٹیکنالوجی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے استعمال شدہ پانی کی وجہ سے پانی کے زیر زمین ذخائر آلودہ ہو رہے ہیں جن کی روک تھام کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد شہر کے مغربی حصے میں پہلے ہی ایک واٹر ٹریمنٹ پلانٹ چکیرہ کے مقام پر کام کر رہا ہے جبکہ مشرقی حصے میں دوسری ٹریٹمنٹ پلانٹ مدوآنہ ڈرین پر لگایا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں ابتدائی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ اس سلسلہ میں ماحولیاتی رپورٹ کیلئے عوامی شکایات 26مارچ کو واسا کے سمندری روڈ کے آفس میں سنی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس واٹر ٹریمنٹ کی استعداد 44ملین گیلن ہو گی۔ انہوں نے پانی کے وسائل کے مؤثر استعمال کے حوالے سے آسٹریلیا کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر جم نے بتایا کہ وہ بڑے پیمانے پر استعمال شدہ صنعتی پانی کو زراعت کیلئے استعمال کے قابل بنانے کیلئے کوشاں ہیں اس سلسلہ میں زرعی یونیورسٹی کے تعاون سے کئی منصوبے زیر غور ہیں۔ ڈاکٹر حبیب اسلم گابا نے بھی پروفیسر جم اور ڈاکٹر فاروق کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جامعہ زرعیہ میں جب بھی کوئی غیر ملکی مہمان آتے ہیں تو یونیورسٹی انتظامیہ ان کو چیمبر کے متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کا موقع ضرور دیتے ہیں۔ تاکہ انڈسٹری اکیڈیمیا کے درمیان رابطوں سے ہونے والے نتائج بارے انہیں بھی آگاہ کیا جا سکے۔

مزید :

کامرس -