ٹریڈ لائسنس فیس میں اضافہ سے مہنگائی بڑھے گی، اسلام آباد چیمبر

ٹریڈ لائسنس فیس میں اضافہ سے مہنگائی بڑھے گی، اسلام آباد چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا ہے کہ اس وقت کاروباری حالات سازگار نہیں ہیں جبکہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید میں کافی کمی آ چکی ہے ایسے حالات میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے چھوٹے تاجروں کیلئے ٹریڈ لائسنس فیس میں کئی ہزار گنا اضافہ کر دیا ہے جو سراسر زیادتی ہے لہذا حکومت فوری طور پر کیا گیا اضافہ واپس لینے کے احکامات جاری کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں قانون کرایہ داری موجود نہیں جس کی وجہ سے کرایے بہت زیادہ ہیں اورکاروباری برادری کیلئے دیگر اخراجات بھی دوسرے شہروں کی نسبت کافی زیادہ ہیں لہذا ایم سی آئی کے اس اقدام سے چھوٹے تاجر بہت متاثر ہوں گے اور ملک میں جاری مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 25ہزار فیس کو بڑھا کر 24لاکھ کر دیا گیا ہے جو کسی بھی لحاظ سے مناسب نہیں ہے اور بالکل غیر منطقی ہے جبکہ کئی دوسرے کاروباروں کی لائسنس فیس میں بھی کئی ہزار گنا اضافہ کر کیا گیا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کی ڈسٹرکٹ میونسپل ایڈمنسٹریشن ذیلی کمیٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت نیا ٹیکس لگانے یا اس میں اضافہ کرنے سے قبل اخبار میں اشتہار دینا ضروری ہے اور عوامی سماعت کر کے سٹیک ہولڈرز کے اعتراضات لینے ضروری ہیں لیکن ایم سی آئی نے مروجہ طریقہ کار اپنائے بغیر یکطرفہ طور پر از خود اضافہ کر دیا ہے۔ ایم سی آئی میں چالیس یونین کونسلز ہیں جن میں شہری علاقہ میں صرف دس یونین کونسلز ہیں باقی تیس کا تعلق دیہاتی علاقہ سے ہے جہاں پر اس ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوتا جبکہ شہری علاقہ کی یونین کونسلز اس اضافہ کی مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی کے اس اقدام کی وجہ سے اسلام آباد کی تاجر برادری میں اضطراب پایا جاتا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایم سی آئی اور سی ڈی اے کی لڑائی میں چھوٹے تاجر متاثر ہو رہے ہیں۔ لہذا اس سلسلہ میں شہر کی تمام تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لے کر آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔چیمبر کی ڈسٹرکٹ میونسپل ایڈمنسٹریشن ذیلی کمیٹی کے کنوینر محبوب احمد خان نے اس موقع پر کہا کہ مئیر کا تعلق اپوزیشن پارٹی سے ہے اور وہ ایسے اقدام کر رہا ہے جس سے مرکزی حکومت کی مشکلات میں اضافہ ہو۔
اسلام آباد کے تاجر کسی بھی صورت میں ٹیکسوں میں اضافہ قبول نہیں کریں گے اور اگر اضافہ واپس نہ لیا گیا تو عدالت سے رجوع کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

مزید :

کامرس -