سندھ حکومت نے پیاز برآمد کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے پیاز بیرون ملک برآمد کرنے پر پابندی کے وفاق کے فیصلے کو مستردکردیا ہے۔پیر کو جاری اپنے بیان میں وزیرزراعت سندھ اسماعیل راہو نے کہا کہ پیاز بیرون ملک برآمد کرنے پر پابندی لگانا مزدور اور زراعت دشمن پالیسی ہے۔وفاق سے پیاز بیرون ممالک برآمد کرنے پر لگائی گئی پابندی ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنی گالا والوں نے پیاز کے ایکسپورٹ پرپابندی لگا کر اپنی ناتجربیکاری ظاہر کی ہے۔وفاق نے ایران سے ٹماٹر منگواکر ملکی خزانے اور کاشتکاروں کو بڑا نقصان پہنچایا ہے۔ ٹماٹر ایران سے منگوانے سے اب یہاں کے ٹماٹر 20 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں۔اسماعیل راہو نے کہا کہ یوکرین سے منگوائی گئی گندم چارماہ میں کراچی بندرگاہ پہنچے گی جو اب کسی کام کی نہیں، کیوں کہ اب سندھ کی گندم مارکیٹ میں آنا شروع ہوجائے گی، میرپورخاص اور دیگر اضلاع میں گندم کی فصل مارکیٹ میں آنا شروع ہوگئی ہے.انہوں نے کہا کہ باہر سے گندم منگوانے سے سندھ کی گندم کی قیمت اوپن مارکیٹ میں کم ہوجائے گی، وفاق اہم فیصلے کرنے سے پہلے ہوم ورک کرلیا کرے، فیصلوں کے بعد یوٹرن لے لیا جاتاہے,عمران خان سے ملک نہیں چل سکتا۔