وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی سے سیکرٹری ہاؤسنگ داؤد خان کی ملاقات

  وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی سے سیکرٹری ہاؤسنگ داؤد خان کی ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی سے سیکرٹری ہاوسنگ داؤد خان نے محکمے کا چارج سنبھالنے کے بعد ملاقات کی۔ ڈاکٹر امجد علی نے ملاقات میں سیکرٹری ہاؤسنگ کو صوبے میں جاری ہاوسنگ سکیمز پر کام کی رفتار تیز کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت صوبے میں ہاوسنگ کے شعبے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبہ میں بے گھر اور کم آمدن رکھنے والے افراد کو چھت کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ ملاقات میں جلوزئی، سی پیک سٹی، ہنگو ماڈل ٹاون، سٹیلائیٹ ٹاونز اور ڈنگرام ہاوسنگ سکیم سمیت مختلف پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر ہاوسنگ کو بتایا گیا کہ سوڑیزئی میں نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم کے لئے 8 ہزار پانچ سو کنال اراضی فراہم کی گئی ہے، جس کے لئے باونڈری وال اور لنک روڈ کی تعمیر، صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہوگی، جبکہ گرے اسٹرکچر کنسٹرکشن کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر ہوگی۔ اسی طرح محکمہ نے سرکاری ملازمین کی رہائش کے لئے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کیا ہوا ہے اور خیبرپختونخوا ہاوسنگ فاونڈیشن کی جانب سے تمام سرکاری ملازمین کے لئے پلاٹس اور گھروں کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے محکمہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ محکمہ ہاوسنگ کے مختلف منصوبوں میں حائل، مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا، ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ہاوسنگ کے شعبے میں کام کی رفتار تیز کرانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائینگے، اور جائنٹ وینچرز سے شعبہ کو آگے بڑھایا جائیگا۔