ویمنز ٹی 20ورلڈ کپ، قومی ٹیم کل ویسٹ انڈیز سے ٹکرائیگی

  ویمنز ٹی 20ورلڈ کپ، قومی ٹیم کل ویسٹ انڈیز سے ٹکرائیگی

  



کینبرا (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آسٹریلیا میں جاری ساتویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں آج کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا، آرام کا دن ہے۔ میگا ایونٹ میں کل دو میچوں کا فیصلہ ہوگا، پہلا میچ گروپ بی میں شامل تھائی لینڈ اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کینبرا کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ بھی گروپ بی میں شامل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیموں کے درمیان کینبرا کے مقام پر ہی کھیلا جائے گا۔ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 26 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی، ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا میں جاری ہے، گرین شرٹس کو گروپ بی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور تھائی لینڈ کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ بسمہ معروف کی قیادت میں قومی ویمن ٹیم 26 فروری کو اپنے پہلے گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ویسٹ انڈیز ویمن اپنے پہلے گروپ میچ میں تھائی لینڈ کو شکست دے چکی ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 28 فروری کو انگلینڈ، تیسرا میچ یکم مارچ کو جنوبی افریقہ جبکہ چوتھا اور آخری گروپ میچ 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔علاوہ ازیں دفاعی چیمپئن آسٹریلین ویمنز نے ریچل ہینس کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کی خواتین ٹیم کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا کر پہلی فتح حاصل کرلی۔ ریچل ہینس نے 60 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ فاتح ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ریچل ہینس نے 47 گیندوں پر دو چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے انفرادی 60 رنز بنائے اس عمدہ کارکردگی پر انکو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سری لنکن ویمنز ٹیم کی کپتان چماری جیانجانی کی 50 رنز کی اننگز بھی اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی