سپر لیگ پہلامرحلہ،شائقین کی بھرپور شرکت، پی سی بی کا اظہار تشکر

      سپر لیگ پہلامرحلہ،شائقین کی بھرپور شرکت، پی سی بی کا اظہار تشکر

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر)پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے مکمل ایڈیشن کا انعقاد پاکستان میں ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے ابتدائی 7 میچوں کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز کا رخ کرنے پر شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ 32 روزہ ایونٹ میں کْل 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ایونٹ میں اب دو روز کا وقفہ ہے۔ٹورنامنٹ کا آٹھواں میچ 26 فروری بروز بدھ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا،جہاں ملتان سلطانز کی ٹیم پشاور زلمی کی میزبانی کرے گی۔27 فروری بروز جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔ دونوں میچز رات 7 بجے شروع ہوں گے۔اس حوالے سے شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد کی جانب سے کراچی اور لاہور کے ا سٹیڈیمز کا رخ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ان کا مشکور ہے۔ 12 ماہ قبل ایونٹ کے پانچویں ایڈیشن کا پاکستان میں اعلان کرتے وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین تھا کہ لیگ کے سنسنی خیز میچز دیکھنے کے لیے شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کرے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایس این ٹی وی کی شراکت داری کے سبب دنیا کے 115 ممالک میں لیگ کے تمام میچوں کی جھلکیاں دیکھی جارہی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق مداحوں کی کثیر تعداد ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا لطف اٹھارہی ہے جو دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کررہی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی