نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ آج شروع

    نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ آج شروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام زمین نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2020ء آج سے شروع ہور ہی ہے۔ اس سلسلے میں لاہور پولو کلب میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں لاہور پولو کلب کے صدر ملک عاطف یار ٹوانہ، ابراہیم سہیل ڈائریکٹر کارپوریٹ کمیونیکیشنز زمین ڈاٹ کام، رضوان کاظمی مینجر مارکیٹنگ زمین ڈاٹ کام، لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران آغا مرتضیٰ علی خان، عثمان حئی، آغا نجیب رضا اور کرنل (ر) مدثر شریف شامل ہیں۔صدر لاہور پولو کلب ملک عاطف یار ٹوانہ کا کہنا تھا کہ زمین نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ 2020ء میں ٹاپ چھ ٹیمیں شامل ہیں اورہر ٹیم میں ایک غیرملکی کھلاڑی شامل ہیں جبکہ امپائرز بھی غیرملکی ہیں۔ لاہور پولو کلب کا شمار دنیا کے قدیم ترین کلبوں میں ہوتا ہے ریکارڈ کے مطابق 1886ء میں یہاں پولو کھیلی گئی تھی۔انہوں نے زمین ڈاٹ کام کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کے پولو کے سب سے بڑے ایونٹ کو سپانسر کیا۔ ٹیموں میں پیبل بریکر، گارڈ گروپ /آرٹیما میڈیکل،ری ماؤنٹس، اے ایس سی، پی بی جی رسالہ اور اولمپیاء /ٹیکنی مین کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور پولو کلب آغا مرتضی علی خان نے بتایا کہ دوہفتوں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں ٹوٹل 22 میچز کھیلے جائیں گے۔ امید ہے کہ اس سال کی نیشنل اوپن بھی کافی زبردست رہے گی۔ آج بروز منگل دوپہر دو بجے پیبل بریکر کا ری ماؤنٹس کے ساتھ جبکہ دوپہر ساڑھے تین بجے پی بی جی کا مقابلہ اولمپیاء /ٹیکنی مین کے درمیان ہوگا۔ اسی طرح 8 مارچ 2020ء کو ٹورنامنٹ کا فائنل شاندار طریقے سے منعقد کیا جائے گا۔