پاکستان کی نمبر 1ٹی ٹونٹی پوزیشن مئی تک محفوظ ہوگئی

  پاکستان کی نمبر 1ٹی ٹونٹی پوزیشن مئی تک محفوظ ہوگئی

  



پورٹ ایلزبتھ (آئی این پی)جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں آسٹریلوی ٹیم کو شکست کے بعد پاکستان کی نمبر 1 ٹی ٹونٹی پوزیشن مئی تک کے لیے محفوظ ہوگئی ہے۔ پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پروٹیز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، کپتان کوئنٹن ڈی کک نے 70 رنزکی دھواں دار اننگز کھیلی، وان ڈر ڈسن 37 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔رچرڈسن نے دو، پیٹ کمنز اور زامپا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔ ڈیوڈ وارنر ناقابل شکست 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور سٹیو سمتھ نے 29 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے۔عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نگیڈی نے 3 جبکہ کگیسو ربادا، نورٹج اور پریٹریوس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔کوئنٹن ڈی کک کو عمدہ بلے بازی پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان سے ٹی ٹونٹی رینکنگ کی بادشاہت چھیننے کے لیے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کلین سویپ کرنا تھا تاہم اب اسے دوسری پوزیشن پر ہی اکتفا کرنا پڑے گا،اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر گرین شرٹس 270 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ آسٹریلیا کا 269 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی