امید ہے انگلینڈ کی ٹیم بھی پاکستان آکر کھیلے گی، معین علی

امید ہے انگلینڈ کی ٹیم بھی پاکستان آکر کھیلے گی، معین علی

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ فائیو میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے انگلینڈ کے آل راونڈر معین علی کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے انگلینڈ کی نیشنل ٹیم بھی پاکستان آکر کھیلے گی۔معین علی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل 5 میں انگلش پلیئرز بھی کھیل رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ انگلش ٹیم بھی یہاں آکر کھیل سکتی ہے۔

نگلش آل راونڈر کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی بھی کھیلنے کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ معین علی کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ اور نانی کی پیدائش پاکستان کی ہے، لیکن وہ انگلینڈ میں پیدا ہوئے ہیں۔اسی پر مزید بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں 15 سال بعد پاکستان آیا ہوں، اس سے قبل بھی پاکستان آتا رہا ہوں اور یہاں کرکٹ بھی کھیل چکا ہوں۔آزاد کشمیر جانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے معین علی کا کہنا تھا کہ میں وہاں ضرور جانا چاہوں گا کیونکہ میری والدہ کی پیدائش آزاد کشمیر میں ہوئی تھی، اس لئے وہاں جانا میرے لئے اہم ہے اور میں وہاں جاؤں گا۔واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کا پہلی بار مکمل طور پر پاکستان میں انعقاد کیا جارہا ہے جس میں غیر ملکی کرکٹرز، ٹیم کوچز کے علاوہ کمنٹریٹرز بھی شامل ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی