وزیر اعظم عمران خان کا 28 فروری کو کراچی کا دورہ متوقع

وزیر اعظم عمران خان کا 28 فروری کو کراچی کا دورہ متوقع

  



کراچی(سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان 28 فروری کو ممکنہ طور پر کراچی کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت اہم اجلاس طلب کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 28 فروری کو ممکنہ طور پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کا اجلاس طلب کرلیا گیا، اجلاس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر شریک ہوں گے۔اجلاس میں ایس آئی ڈی سی ایل حکام جاری اور نئے منصوبوں پر بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ شہر کے 3 فلائی اوورز کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے ان میں سخی حسن، فائیو اسٹار، اور کے ڈی اے چورنگی فلائی اوورز شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق دو رویہ طویل شاہراہ کی تعمیر کے لیے فزیبلٹی کی تیاری شروع کردی گئی ہے اور وزیر اعظم کے ممکنہ دورے میں مجوزہ اسکیم کو منظوری کے لیے پیش کردیا جائے گا۔خیال رہے کہ وزیر اعظم نے گزشتہ ماہ کراچی کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے سندھ کے لیے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کیا تھا۔وزیر اعظم سے جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا کی بھی ملاقات ہوئی تھی، بعد ازاں وزیر اعظم نے تقریب کے دوران نوجوانوں میں چیک تقسیم کیے تھے۔

مزید : صفحہ اول