جموں کشمیر اوروزارت داخلہ کوآپریٹوہاوسنگ سوسائٹی میں مفادات کا ٹکراؤ تیز

جموں کشمیر اوروزارت داخلہ کوآپریٹوہاوسنگ سوسائٹی میں مفادات کا ٹکراؤ تیز

  



 اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)جموں و کشمیر کوآپریٹوہاوسنگ سوسائٹی اوروزارت داخلہ کوآپریٹوہاوسنگ سوسائٹی کے انتظامی امورمیں مفادات کاٹکراؤشدید ہو گیا۔سوسائٹی وسائل کی بندربانٹ میں وسائل کی تقسیم حصہ بقدرجسہ ہوگی یابرابر،طے نہیں ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق جموں کوآپریٹوہاوسنگ سوسائٹی کی انتظامی کمیٹی جو کچھ ماہ پہلے منتخب ہوئی بجائے اس کے کہ سوسائٹی کودرپیش مسائل سے نکالا جاتا اور ترقیاتی کاموں پرتوجہ دی جاتی، سوسائٹی انتظامی کمیٹی کی ترجیحات صرف کاریگری سے مال کمانے کی جانب متعین کر دی گئی ہیں۔جموں کشمیرکوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اور وزارت داخلہ سوسائٹی کے انتظامی امور کا ایک دوسرے کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے۔وزارت داخلہ سوسائٹی میں زمینوں کے تبادلوں سمیت جعلی لینڈکمپنسیشن اورکنٹرول ریٹس کو بائی پاس کیاگیااورلے۔آؤٹ پلان کو بھی تبدیل کیا گیا ہے۔کمرشل پلاٹوں کو زمینوں کے تبادلے میں دے کر کمیشن بنایا گیا اور سوسائٹی کی زمینوں کی خریداری اور فروخت میں پیپرارولز کوبھی فالو نہیں کیاگیا۔ سوسائٹی کا فنانس سیکرٹری متنازع شخصیت سبیل ممتازجموں سوسائٹی میں بطور سیکرٹری منتخب ہوا۔سبیل ممتاز نے جموں سوسائٹی میں سیکرٹری کاعہدہ حاصل کرنے کے لئے سیاسی اثرورسوخ کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں پر دباؤ ڈال کر جموں سوسائٹی کا سیکرٹری بننے میں بھی کامیاب ہوگیا۔اس حوالے سے متعلقہ اداروں کے سربراہوں پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ ایسے تمام افسران کے خلاف محکمانہ انکوائری کا آغاز کیاجائے جو اس میں ملوث ہیں۔دوسری جانب ان اداروں کے بعض اہلکاروں نے ایف۔آئی۔اے،نیب اور وزارت داخلہ میں انکوائریاں سرخ فیتے کی نذر کرنے میں اہم کردار اداکیا مزید یہ کہ وزارت داخلہ ہاؤسنگ سوسائٹی راستے سمیت تمام بنیادی سہولیات کیلئے جموں سوسائٹی کی مرہون منت رہی ہے جس مد میں کروڑوں روپے وزارت داخلہ سوسائٹی نے جموں سوسائٹی کے ادا کرنے ہیں۔اسی طرح جموں سوسائٹی کے سیکٹرF-16میں وزارت داخلہ سوسائٹی کی زمین ہے۔جموں سوسائٹی انتظامیہ نے سوسائٹی میں ہونے والی کرپشن کو بے نقاب کرنے کی بجائے کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ اور قائمہ کمیٹی کو بھجوائی ہیں تاکہ معاملے پر مکمل گرفت رکھی جاسکے۔جموں سوسائٹی میں ڈویلپرکے سوسائٹی میں واقع دفتر پر سرکل رجسٹرار کا کہناتھا کہ سوسائٹی میں ڈویلپر کا دفتر غیرقانونی ہے اس حوالے سے قانونی کارروائی کی جائے گی۔سوسائٹی دفاتر کی تزئین وآرائش سمیت ذاتی مقاصد کے حصول کیلئے سوسائٹی اکاؤنٹ کو استعمال کرنے پر بھی سوسائٹی انتظامیہ سے پوچھ گیچھ کی جائے گی۔

ٹکراؤ تیز

مزید : علاقائی