سیاحت کے لئے جانے والوں کو عمرہ کی سہولت، سعودی عرب نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی

سیاحت کے لئے جانے والوں کو عمرہ کی سہولت، سعودی عرب نے پاکستانیوں کو بڑی ...
سیاحت کے لئے جانے والوں کو عمرہ کی سہولت، سعودی عرب نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی

  



 ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی۔ پاکستان ، بھارت اور دیگر ممالک کے وہ تمام درخواست گزار جن کے پاسپورٹس پر امریکا، برطانیہ اور شینگھن ممالک کے ویزاکی مہریں لگی ہوں گی وہ ایک سال کیلئے سعودی عرب میں داخلے کا ویزاحاصل کرسکتے ہیں۔

گولف نیو ز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ ویزا ایک سال کیلئے ہوگا اور اس کے تحت دیگر امور سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ عمرہ کی ادائیگی کی سہولت بھی میسر ہوگی البتہ وہ حج کی ادائیگی نہیں کرسکیں گے۔

مذکورہ افراد کسی بھی سعودی ایئرپورٹ پر آکرویزا حاصل کرسکتے ہیں اور اس کیلئے ان کے کریڈٹ کارڈ میں چار سو چالیس ریال یعنی اٹھارہ ہزار28 روپے ہونا ضروری ہیں اس ضمن میں نقدرقم وصول نہیں کی جائے گی۔ اس ویزا کے حامل افراد نوے دن تک قیام کر سکتے ہیں اور مختلف اوقات میں اسی ویزا پر دوبارہ بھی سعودی عرب آسکتے ہیں۔

خلیج ٹائمز کے مطابق سعودی عرب کی ای ویزا ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک سے ای ویز ا پر آنے والے مسلمان سیاح ویزٹ ویزا پر عمرہ بھی ادکرسکیں گے۔ تاہم جو غیر مسلم ہوں گے ان کو دیا گیا ویزا صرف اور صرف سیاحتی مقاصد کیلئے استعمال ہوسکے گا اور وہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔

واضح رہے کہ جنوری دوہزار بیس میں سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سیاحت و قومی ثقافتی ورثہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ تمام افراد جو امریکا ، برطانیہ اور یورپی ممالک میں داخلے کا ویزا رکھتے ہوں انہیں سعودی عرب آمد سے پہلے ویزا لینے کی ضرورت نہیں انہیں ایئر پورٹ ہی ویزٹ ویزا دیا جاسکے گا۔جنرل اتھارٹی کا کہناتھا کہ اس سہولت کا مقصد سعودی عرب میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

مزید : بین الاقوامی /عرب دنیا