کاشانہ سکینڈل،کائنات کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی،قتل کی وجہ جان کر آپ کا بھی دل دہل جائے گا

کاشانہ سکینڈل،کائنات کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی،قتل کی وجہ جان کر آپ کا بھی دل ...
کاشانہ سکینڈل،کائنات کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی،قتل کی وجہ جان کر آپ کا بھی دل دہل جائے گا

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کاشانہ کے فلاحی ادارے میں رہنے والی خاتون کائنات کے قتل کے سلسلے میں مزید پیشرفت ہوئی ہے۔ کائنات کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق کائنات کو بھوکا اور پیاسا رکھا گیا جس کی وجہ سے وہ انتقال کرگئی۔

نجی ٹی وی جی این این کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کائنات کو کئی دنوں تک بھوکا اور پیاسا رکھا گیا۔کئی روز تک کھانا اور پانی نہ ملنے کی وجہ سے کائنات کی موت ہوگئی۔کائنات کو زہر دیا گیا یا نہیں اس کا فرانزک رپورٹ سے پتہ چلے گا۔ نجی ٹی وی نے کہا ہے کہ سابق سپریٹنڈنٹ کے مطابق کائنات سولہ دسمبر کو کاشانہ سکینڈل سامنے آنے کے بعد اپنے سسرال سے لاپتہ ہوگئی تھی۔ اقبال ٹاون ایدھی سنٹر سے پانچ فروری کو اس کی لاش ملی تھی۔

یاد رہے اقرا کائنات کاشانہ سکینڈل کا اہم ترین کردار اور گواہ تھی جواس وقت سے مخصوص عناصر کی نظروں میں آگئی تھی جب سے کاشانہ کی سابق سپریٹنڈنٹ افشاں لطیف نے جان ہتھیلی پر رکھتے ہوئے آواز بلند کی تھی کہ سیاستدان اور اعلی افسران یتیم خانوں سے جوان اور نو عمر لڑکیوں کو زبردستی ساتھ لے جاتے ہیں۔

سینئر صحافی خاور نعیم کے مطابق اس انکشاف کے بعدافشاں لطیف کو سزائیں دینے اور اس کی کردار کشی کے سلسلے شروع ہوئے اور جب سالہا سال تک طاقتوروں کی درندگی کا نشانہ بننے والی اقراءکائنات ان جرائم کی گواہ بن کر سامنے آئی تو مخصوص تماش بین حکمران طبقے کی نیندیں حرام ہو گئیں۔ اقراءکائنات کے پاس درجنوں لڑکیوں کی شہادتیں بھی موجود تھیں۔ اس لئے مارا جانا اس کے مقدر میں لکھ دیا گیا تھا۔ پہلے اس سے مرضی کے بیانات حاصل کرنے کی کوششیں کی جاتی رہیں وہ نہ مانی تو دو ماہ پہلے اسے اس کے سسرال سے اغواءکر لیا گیا۔

اقراءکائنات کے گھر سے زبردستی اٹھائے جانے کے بعد کاشانہ کی سابق اور زیر عتاب سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے چیخنا شروع کر دیا تھا کہ اس بچی کو قتل کر دیا جائے گا۔ مگر نہ کوئی قانون حرکت میں آیا نہ کسی حکومتی نمائندے کے کانوں میں جوں تک رینگی۔ دو ماہ بعد 5 فروری کو ایک نامعلوم عورت کی لاش ایدھی سنٹر کے سرد خانے میں لائی جاتی ہے جسے ایدھی سنٹر والے نامعلوم قرار دے کر دفنانا چاہتے ہیں۔ یہ اطلاع کسی طرح افشاں لطیف کو مل جاتی ہے اور وہ ایدھی سنٹر والوں کو اس عمل سے روک دیتی ہیں۔

مزید : جرم و انصاف /علاقائی