دولہا کی جانب سے خریدا گیا عروسی لباس دیکھ کر دلہن نے شادی ہی ختم کرنے کی دھمکی دے دی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی ٹی وی چینل ’ای 4‘ کے شو ’ڈونٹ ٹیل دی برائیڈ‘ (Don't Tell The Bride) میں شریک ایک دولہا نے اپنی دلہن کے لیے ایسا عروسی لباس خرید لیا کہ دلہن نے شادی ہی ختم کرنے کی دھمکی دے دی۔ میل آن لائن کے مطابق اس ٹی وی شو میں دولہا دلہن کو بتائے بغیر شادی کی شاپنگ کرتا اور دیگر تیاریاں کرتا ہے اور ان کی شادی کے تمام مراحل ٹی وی پر دکھائے جاتے ہیں۔ اس 30سالہ اینڈی نام دولہا کا تعلق جرسی سے ہے اور اینا نامی 26سالہ دلہن یوکرین کی شہری ہے۔
اینڈی نے اپنی دلہن کے لیے 150پاﺅنڈ کا جو لباس خریدا اس میں یوکرین کے روایتی عروسی لباس کی آمیزش تھی جسے دیکھ کر اینا آگ بگولہ ہو گئی۔ اس کا کہنا تھا کہ ”اینڈی میرے لیے ایسا گھٹیا لباس کیسے خرید سکتا ہے؟ میں برطانیہ کی روایتی دیہی شادیوں جیسی شادی کرنا چاہتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ میرا عروسی جوڑا مکمل سفید اور خوبصورت ہو۔ یہ لباس جو اینڈی لے کر آیا ہے، میں قطعاً نہیں پہن سکتی۔ مجھے تو ایسا لگ رہا ہے کہ اینڈی کو مجھ سے محبت ہی نہیں اور میرا دل کر رہا ہے کہ اس کے ساتھ شادی ہی ختم کر ڈالوں۔“