پی ایس ایل کا میلہ راولپنڈی اور ملتان میں سجنے کو تیار

پی ایس ایل کا میلہ راولپنڈی اور ملتان میں سجنے کو تیار
پی ایس ایل کا میلہ راولپنڈی اور ملتان میں سجنے کو تیار

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ملتان اور راولپنڈی میں پہلی بار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا میلہ سجانے کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں اور دونوں شہروں میں بے پناہ جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے پانچویں سیزن کا آغاز 20فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں افتتاحی تقریب کیساتھ ہوا تاہم مجموعی طور پر اس کا رنگ پھیکا رہا کیونکہ میدان میں ناصرف روشنی اور آواز کے مسائل سامنے آئے بلکہ موسیقی بھی جوش و خروش سے عاری رہی اور سٹیڈیم میں آنے والے شائقین کی تعداد بھی بہت کم رہی البتہ اتوار کے روز ہونے والے میچز دیکھنے کیلئے فیملیز کی بڑی تعداد نے سٹیڈیمز کا رخ کیا اور پی ایس ایل کی رونق کو چار چاند لگا دئیے۔

دوسرے مرحلے میں اب میلہ ملتان اور راولپنڈی میں سجایا جائے گا، دونوں شہروں کو پہلی بار پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرنا ہے اس لیے شائقین میں خاصا جوش و خروش بھی پایا جاتا ہے، سیکیورٹی انتظامات سمیت تیاریاں بھی مکمل ہیں، ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں بدھ کو شام 7بجے ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا جوڑ پڑے گا اور دونوں ٹیمیں منگل کو شام 6 بجے پریکٹس سیشن کریں گی جبکہ اس سے قبل پریس کانفرنس میں دونوں طرف سے ایک ایک کھلاڑی اپنے عزائم بھی ظاہر کریں گے۔

دوسری جانب راولپنڈی سٹیڈیم میں جمعرات کو شام 7بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں ابھی تک ہونے والے 7میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی میں زیادہ تسلسل نظر آیا ہے کیونکہ شاداب خان الیون نے پہلے مقابلے میں شکست کے بعد دونوں میچ جیت کر ناصرف 4پوائنٹس جوڑے ہیں بلکہ اس ٹیم نے اب تک سب سے زیادہ 517رنز بھی بنائے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بھی 2فتوحات لیکن 477رنز کیساتھ رن ریٹ کم ہونے کی وجہ سے دوسرے نمبر پر ہے،پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز نے 2،2میچ کھیل کر ایک ایک فتح حاصل کی ہے،ان میں سے سب سے زیادہ 349رنز ڈیرن سیمی الیون نے جوڑے ہیں، لاہور قلندز حسب روایت ناکامیوں کے بھنور میں پھنسی ہے اور دونوں میچز میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم مداح ٹیم کے کم بیک کیلئے پرامید ہیں۔

مزید : کھیل /PSL /PSL News Update