سعودی عرب میں جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو سزائے موت ،7کو عمر قید
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سعودی عرب کی عدالت نے ایران کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی کرنے والے افراد کو سزا سنادی۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت نے منگل کے روز سماعت کے بعد 7 سعودی شہریوں کو عمر قید اور ایک کو سزائے موت کا حکم سنایا، تمام ملزمان پر الزام تھا کہ وہ ایران کے لیے جاسوسی کا کام کرتے ہیں۔عدالتی فیصلے کے مطابق جس ملزم کو سزائے موت سنائی گئی اس نے سعودی عرب کی اہم معلومات اور راز ایران کے خفیہ ادارے کو فراہم کیں۔سزائے موت پانے والے مجرم نے دو غیرملکی سفارت خانوں کے داخلی دروازوں، اخراج اور سکیورٹی کی موجودگی سے متعلق معلومات بھی ایران کی خفیہ ایجنسی کو فراہم کی تھیں۔