محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک بھر میں بارش کی نوید سنا دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں جمعہ تا ہفتہ کے درمیان تیز ہواوں کے ساتھ بارش کی نوید سنا دی جس کے باعث راولپنڈی میں ہونے والے میچز متاثر ہونے کا خد شہ ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواوں کاسلسلہ جمعرات شام کوپاکستان میں داخل ہوگا،جمعہ اورہفتہ اسلام آباد،راولپنڈی،جہلم،سرگودھا میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب میں میانوالی ،خوشاب ،فیصل آباد ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،جھنگ ،ساہیوال،جہلم ،شیخو پورہ ،گوجرانوالہ ،منڈی بہاوالدین ،سیالکوٹ ،گجرات ،ڈی جی خان،ملتان اور بہاولپور میں بارش کا امکان ہے ۔بلوچستان میں کوئٹہ ،پشین اور ژوب میں بارش کا امکان ہے ۔سندھ میں سکھر ،جیکب آباد اور لاڑکانہ میں بارش کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخواہ میں چترال،پشاور ،سوات ،صوابی ،چارسدہ ،مردان اور کوہاٹ میں بارش کا امکان ہے ۔بارش کی صورت میں راولپنڈی میں ہونے والے میچز بھی متاثر ہونے کا امکان ہے ۔