کشمیر کے حوالے سے ٹرمپ کا بیا ن پاکستان کو طفل تسلیاں دینے کے سوا کچھ نہیں: سینیٹر سراج الحق
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کشمیر کے حوالے سے ٹرمپ کے بیا ن پر اپنے ردعمل میں کہاہے کہ ٹرمپ کا بیان پاکستان کو طفل تسلیاں دینے کے سوا کچھ نہیں،ٹرمپ کے پاکستان سے دوستی کے دعوؤں کے پیچھے کیا مقاصد ہیں دنیا خوب جانتی ہے،کشمیر پر ثالثی کی پیشکش دجالی جا ل ہے جس کو فلسطین کے حوالے سے دیکھا جا چکاہے،اس لیے حکمرانوں کو ہشیار اور محتاط رہنا ہوگا،پاکستان کا کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی کو قبول کرنا،یواین او کی قراردادوں سے پیچھے ہٹنے کے مترادف ہوگا،ٹرمپ نے کشمیر پر ثالثی کی تو خدشہ ہے کہ وہ فلسطین کی طرح کا کوئی فارمولا دے گا۔
سینیٹر سرا ج الحق نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کا دنیا کو نوٹس لینا چاہیے،اگر عالمی ضمیر سویا رہا تو مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندو دوسری اقلیتوں کو بھی بھارت سے نکال باہر کریں گے،نریندرمودی کروڑوں بھارتی مسلمانوں کو کیمپوں میں منتقل کرنے کے سوچے سمجھے منصوبے پر عمل پیرا ہے،پورے بھارت میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے،مسلمانوں کی بستیوں،مساجد اور خانقاہوں کو نذر آتش کیا جارہا ہے، کروڑوں مسلمانوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے، اگر عالمی برادری نے بروقت اس کا نوٹس نہ لیا توبھارت سمیت بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا مہنگائی پر قابو پانے کے حکومتی دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں،وزیراعظم نے معلوم نہیں کس سبزی مارکیٹ کا دورہ کیا ہے جو کہہ رہے ہیں سبزیوں کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں،غریب تو سبز ی کھانے کی حسرت لئے دکانوں سے خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ہیں،مصنوعی مہنگائی کے حوالے سے وزیراعظم کا بیان مضحکہ خیرہے،حکومت محض دعووں اور پرفریب نعروں سے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہی ہے۔