”ہماری ٹیم ٹورنامنٹ کی بیسٹ ٹیم ہے“ لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے حیران کن بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے مسلسل دو میچوں میں ناکامی کے باوجود اپنی ٹیم کو ایونٹ کی بیسٹ ٹیم قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کو پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے شکست دی تو دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں جیتا ہوا میچ ہار گئے تاہم سہیل اختر کا کہنا ہے کہ لاہوری مایوس نہ ہوں، ابھی لیگ کے 8 میچز باقی ہیں جن میں اچھا کھیل کر جیتنے کی کوشش کریں گے۔
سہیل اختر کا کہنا تھا کہ ٹی 20کرکٹ میں میچ کی آخری گیند تک کچھ نہیں کہا جا سکتا، موسیٰ خان اور احمد صفی عبداللہ کافی اچھا کھیلے اور اپنی ٹیم کو جتوانے میں کامیاب رہے،کپتان شاداب خان باﺅلر کے ساتھ اچھے بیٹسمین بھی ہیں جنہوں نے میچ کے دوران عمدہ کارکردگی بھی دکھائی تاہم ہمارا کور بھی ٹھیک تھا لیکن بدقسمتی سے میچ ہار گئے۔
سہیل اختر نے کہا کہ جس طرح کا میچ ہوا، اس کے بعد یہی کہوں گا کہ یہ پی ایس ایل میں اب تک کا سب سے بیسٹ میچ تھا، بابراعظم کے بعد محمد حفیظ اب بھی پاکستان کے سب سے بہترین بلے باز ہیں اور ہماری ٹیم کی بیٹنگ انہیں کے گرد زیادہ گھومتی ہے، حفیظ اور فخر زمان کے ہوتے ہوئے سلمان بٹ کی ٹیم میں ابھی جگہ نہیں بنتی۔