”لاہور قلندرز کی ٹیم اس بار نئی تاریخ رقم کر کے میڈل ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرے گی“ کس کھلاڑی نے یہ دعویٰ کر دیا، جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر عثمان خان شنواری نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز اس بار نئی تاریخ رقم کر کے میڈل ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر نظر آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق عثمان خان شنواری نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی نسبت ٹی 20 فارمیٹ میں باؤلنگ کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ حریف بلے باز ہرگیند کو باؤنڈری لائن کے باہر پہنچانے کو تیار ہوتا ہے، ایسے میں باؤلرز کو بہت چالاکی اور بیٹسمین کی کمزوریوں کو سامنے رکھ کر یارکرز، سلو، باونسرز اور دوسری ورائٹیز کیساتھ باؤلنگ کرنا پڑتی ہے،بعض مرتبہ بلے باز کے سامنے تمام تدابیر بھی ناکام ہوجاتی ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ اپنے اعصاب اور جذبات پرقابو رکھوں تاکہ اچھی باؤلنگ ہوسکے۔
عثمان شنواری نے پی ایس ایل میں اپنی یادگار پرفارمنس کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کنگز کی جانب سے کوئٹہ کو آخری اوور میں پانچ رنز نہیں بنانے دئیے تھے، کوئٹہ کے احمد شہزاد کے خلاف باؤلنگ کرنے کا بہت مزہ آتا ہے، ان کا شمار ایسے خطرناک بیٹسمینوں میں ہوتا ہے جو بہت ٹف ٹائم دیتے ہیں۔
فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ ہارجیت کھیل کا حصہ ہے تاہم لاہور قلندرز اس بار نئی تاریخ رقم کرکے میڈل ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر نظر آئے گی، یہ درست ہے کہ گزشتہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی کارکردگی کا گراف بہت نیچے رہا ہے لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا۔