پولیس اہلکاروں نے فوجی جوان کو انتہائی شرمناک الزام میں گرفتار کرلیا
نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اوڈیشا میں پولیس نے خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے اور اس کو ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والے بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوان کو گرفتار کرلیا ۔
متاثرہ خاتون رئیل سٹیٹ ایجنٹ کے طور پر کام کرتی ہے جبکہ فوجی جوان ضلع کوردھا میں تعینات ہے، دونوں کی ملاقات 2017 میں اس وقت ہوئی جب فوجی نے زمین خریدنے کیلئے متاثرہ خاتون سے ملاقات کی۔ دونوں کے مابین فون پر بات چیت شروع ہوئی اور دوست بن گئے جس کے بعد ملزم نے اسے شادی کا جھانسہ دے کر جسمانی تعلق قائم کیا جو ایک سال تک قائم رہا۔
خاتون نے پولیس کو دی گئی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ ملزم نے اس کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنالیں جس کے بعد جب اس نے جسمانی تعلق توڑنے کی بات کی تو بی ایس ایف جوان اسے ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کرنے لگا۔
خاتون نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ وہ ایک بار حاملہ بھی ہوگئی تھی تاہم ملزم نے اس کا زبردستی اسقاطِ حمل کرادیا۔ متاثرہ خاتون نے ریاستی دارالحکومت بھوبھنیشور کے خاتون تھانے میں ملزم کے خلاف درخواست جمع کرائی جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اسے میڈیکل ٹیسٹ کیلئے بھیج دیا۔
خیال رہے کہ بھارتی قانون کے مطابق کسی خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر اس کے ساتھ جسمانی تعلق قائم کرنا اور بعد میں شادی سے مکر جانا جنسی زیادتی کے برابر کا جرم تصور کیا جاتا ہے۔