سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نائٹ آپریشن بند کرنے پر غور شروع کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سول ایوی ایشن انتظامیہ نے ملک بھر کے ائیرپورٹس پر نائٹ آپریشن بند کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔نجی نیوز چینل اے آر وائی کے مطابق بجلی بلوں میں مسلسل اضافے سے ملک بھر میں موجود ائیرپورٹس بھی متاثر ہوئے ہیں، اس ضمن میں ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ ایوی ایشن کی جانب سے تمام ملکی وغیرملکی ائیر لائینز انتظامیہ کو مراسلہ جاری گیا ہے جس کے مطابق 145ویں ایاٹا کانفرنس میں ائیرلائینز کی جانب سے نائٹ آپریشن میں دشواری کا مسئلہ بیان کیا گیا تھا جبکہ زیادہ تر غیرملکی ائیر لائنز رات اور صبح سویرے فلائیٹ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ رن وے ٹیکسی لائٹس، سکیورٹی پیرامیٹرز لائٹس، ٹرمینل بلڈنگ لائٹس، اور ائیر کنڈیشنر کے بلوں میں بھی اضافہ ہوا ہے ان مسائل کے حل کے لیے پاکستان سول ایوی ایشن کی جانب سے تمام ائیرلائنز کو 2 آپشن جاری کیے گئے ہیں۔بجلی کے بلوں میں اضافے سے بچنے کے لیے رات 12بجے سے صبح 6بجے تک فلائیٹ آپریشن بند کر دیا جائے اور ائیرلائینز کو صبح کے وقت فلائیٹ آپریشن شروع کرنے کی اجازت دے دی جائے۔