خواتین کی ہر شعبہ میں ترقی اولین ترجیح ہے،عنبرین رضا

خواتین کی ہر شعبہ میں ترقی اولین ترجیح ہے،عنبرین رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(لیڈی رپورٹر) سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ عنبرین رضانے کہا ہے کہ خواتین کی ہر شعبہ ہائے زندگی میں ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس حوالے سے ویمن ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ اپنے کثیر المقاصد نصب العین پر عمل کرکے خواتین کو ہر فیلڈ میں رہنمائی فراہم کر رہا ہے ضرورت مند خواتین کووراثت،ہراسمنٹ کے بارے میں بھی ضروری رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔

 تاکہ انہیں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام خواتین یونیورسٹی ملتان میں دو روزہ دختران پاکستان سیمینار اور ٹریننگ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار و ٹریننگ ورکشاپ میں وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر عظمیٰ قریشی،ڈاکٹر عصمت ناز،ڈاکٹر کاشف فراز،فوزیہ عرفان،ڈاکٹر شاہینہ کریم، ڈاکٹر محمد ضیاء  الحق،سماجی شخصیات اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ عنبرین رضانے کہا کہ حکومت پنجاب کی نئی قانونی سازی سے خواتین کو مزید سہولیات میسر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ طالبات اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں، حکومت انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرئے گی۔دختران پاکستان سیمینار کا انعقاد اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔وائس چانسلرویمن یونیورسٹی ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد خواتین کو معاشرہ میں ان کا جائز مقام دلانا ہے۔ تمام شعبوں اور بالخصوص معیشت میں خواتین کی بھرپور حوصلہ افزائی وقت کی ضرورت ہے کیونکہ ملک کی نصف سے زائد آبادی کو قومی ترقی کے عمل سے لاتعلق نہیں رکھا جاسکتا،لہٰذا خواتین کے کردار کو بڑھانے کیلئے انہیں آسانیاں اور سہولیات دینا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ  خواتین کے روایتی کردار میں تبدیلی آئی ہے اور اب خواتین مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس کی بڑی وجہ خواتین میں تعلیم حاصل کرنے کا بڑھتا رجحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار اس نکتہ پر مرکوز ہے کہ عورتوں کو ہر میدان میں آگے آنے کا موقع دیا جائے۔ڈاکٹر عصمت نازنے کہا کہ خواتین اپنی محنت سے معاشرے کی تقدیر بدل سکتی ہیں۔ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ کریم نے کہا کہ حکومت کی خواتین کی ترقی بارے اقدامات قابل تحسین ہیں۔خواتین کو چاہیے کہ وہ فراہم کردہ سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی صلاحیتوں کو منوائیں۔ڈاکٹر محمد ضیا ء  الحق نے کہا کہ قیام پاکستان میں ملتان کی خواتین کی خدمات قابل قدر ہیں۔ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سجیلا نویدنے کہا کہ طالبات ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ہیلپ لائن سے ضروری رہنمائی لے سکتی ہیں۔ڈاکٹر کاشف فراز نے کہا کہ تعلیمی سلسلہ کے دوران سٹریس کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے،اس حوالے سے طالبات مثبت نفسیاتی ٹیکنیکس سے آگاہی حاصل کریں تاکہ انہیں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔