اینٹی کرپشن میں زیر التوا انکوائریاں جلد مکمل کی جائیں، جام اکرام

  اینٹی کرپشن میں زیر التوا انکوائریاں جلد مکمل کی جائیں، جام اکرام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے تمام زیر التوا انکوائریاں جلد از جلد نمٹائیں اور کرپشن میں ملوث افراد کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کرپشن کے خلاف کارروائی کرنے کی واضح ہدایات ہیں اور صوبہ سندھ کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے چیئرمین اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ اقبال میمن اور دیگر افسران کے ساتھ منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سے متعلق شکایات کو جلد از جلد نمٹانا افسران کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کے اپنے خود احتسابی عمل کو بھی بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک محکمے کے اندر شفافیت کو برقرار نہیں رکھا جائے گا اس وقت دیگر محکموں سے کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے افسران کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے موثر تربیتی پروگرام کے انعقاد کے ساتھ ان کو وائٹ کالر جرائم سے نمٹنے کے لئے بھی استعداد کار میں اضافے کی بھی ہدایت دی۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ صوبے کی بھرپور ترقی کے کرپشن کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور ہر سطح پر کرپشن کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں کرپشن کے خلاف آگہی بیدار کرنے کی ضرورت ہے اور کرپشن کے خلاف شکایات درج کروانے والوں کی حوصلہ آفزائی کی جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی درخواست کی کہ وہ کرپشن کے خاتمے کے لئے محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کا ساتھ دیں۔

مزید :

صفحہ آخر -